Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حیدر آباد دکن میں ”کنتری گائز“ کا ”میٹ اینڈگریٹ“ اسٹیج شو

 
امین انصاری۔جدہ 
حیدرآباد دکن کے نوجوا نوں پر مشتمل مشہور و معروف واٹس ایپ گروپ "کنتری گائز" کی جانب سے حیدرآباد دکن میں " میٹ اینڈ گریٹ " کے عنوان سے اسٹیج شو کا اہتمام کیا گیا ۔کنتری گائز گروپ کے بانی و فنکار سید وقارمحی الدین عرف سعد نے یہ شو ایک مشروب ساز ادارے کے تعاون سے اپنی ساتھی خاتون فنکارہ مہوین سید کے ساتھ پیش کیا ۔اس شو میں ہزاروں فیملیز نے شرکت کرکے سید وقار محی الدین اور مہوین کو دلی مبارکباد پیش کی۔
شو دیکھنے کے لئے آنے والے ناظرین نے کہا کہ آج کے اس پر آشوب دور میں کسی کے چہرے پر مسکراہٹ بکھیرنا واقعتا حوصلے اور ہمت کے ساتھ ساتھ بھلائی کا کام بھی ہے ۔ کنتری گائز گروپ معاشرے کی برائیوں کو طنز و مزاح کا لبادہ اوڑھا کرعوام کے سامنے پیش کرتا ہے جس سے ان کے چہروں پر نہ صرف مسکراہٹ آتی ہے بلکہ ان کی اصلاح بھی ہوتی ہے اور وہ برائیاں شرمندہ ہو کر منہ چھپانے پر مجبور ہو جاتی ہیں۔ 
وقار محی الدین ”سعد“ نے کہا کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہم دکھی انسانیت کو چند لمحوں کیلئے خوشیاں دیں اور ان کے تھکے ماندے ذہن اور مسائل سے بوجھل دلوں میں ہنسی اور قہقہوں کے ذریعے ہلچل پیدا کردیں تاکہ وہ چاق وچوبند ہوکر پھر سے ایک نئی صبح کیلئے بیدار ہوسکیں۔ سعد نے کہا کہ ہمارے کردار فرضی ہوتے ہیں لیکن ہماری کہانیاں روزہ مرہ کی زندگی میں آنے والے امور کی عکاسی کرتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے فنکاروںکا تعلق حیدرآباد دکن سے ہے کیونکہ حیدرآباد کی بولی دکنی ہوتی ہے جو انتہائی میٹھی اور دلوں میں اترنے والی زبان ہے۔ جب ہم اس میٹھی دکنی زبان میں کوئی کلپ بناکر پیش کرتے ہیں تو لاکھوں لوگوں کی طرف سے مبارکباد دکے پیغام آتے ہیں ۔ 
سعد نے کہا کہ آج ہم بے شمار ایکٹس کے ساتھ اسٹیج پر پرفارم کر رہے ہیں ۔انہوں نے اپنے تمام ساتھی فنکاروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میری اس کامیابی کے پیچھے میرے والد سید عزیز محی الدین اور والدہ کی دعائیں اور محنت شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”کنتری گائز“ کو دیکھنے والوں کی تعداد ملینز میں جا پہنچی ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے تمام چاہنے والوں کا دلی شکریہ ادا کرتا ہوں ۔
 

شیئر: