Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکی آرتھر / سرفراز احمد کشیدگی ، ڈریسنگ روم میں تناو کا آغاز

ابو ظبی:پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی جانب سے سرفراز احمد کے فیصلوں پر تنقید کے بعد کرکٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ سینیئر کھلاڑیوں سے اختلاف مکی آرتھر کی پرانی روایت ہے اور یوں محسوس ہو رہا ہے کہ وہ بطور کوچ آسٹریلیا اور جنوبی افریقی ٹیم والی اپنی روایت اب پاکستان میں بھی دہرار ہے ہیں اور ڈریسنگ روم میں تناو اور کشیدگی شروع ہو چکی ہے۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا کی جانب سے تقریباً ہارا ہوا دبئی ٹیسٹ ڈرا کرنے پر میڈیا سے گفتگو میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے میچ کے آخری دن کپتان سرفراز احمد کی جانب سے وہاب ریاض سے بولنگ کرانے کے فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے کہا تھاکہ ڈریسنگ روم میں طے پایا تھا کہ محمد عباس اور یاسر شاہ کے ساتھ ہم پانچویں دن بولنگ کا آغاز کریں گے لیکن ایسا نہ ہوا اور سینئر کھلاڑیوں کے مشورے پر کپتان نے وہاب ریاض کو گیند تھما دی ۔ مکی آرتھر کے اس بیان پر نئی بحث چھڑ گئی اور بورڈ کے عہدیدار سمجھتے ہیں کہ کوچ نے میڈیا میں ڈریسنگ روم کی بات کر کے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جس سے یہ تاثر ابھر رہا ہے کہ کپتان کے غلط فیصلوں کے باعث دبئی ٹیسٹ جو جیتا جا سکتا تھا وہ ڈرا ہوگیا۔ اس تاثر کا ابھرنا افسوس کی بات ہے، کیونکہ ایسا نہیں ہونا چاہیے، ٹیم کی جیت ہی نہیں ہر نتیجے پر کوچ کو ذمہ داری قبول کرنی چاہیے نہ کہ وہ ساری ذمہ داری کپتان کے کندھوں پر ڈال دیں۔ اس کے برعکس کپتان سرفراز احمد نے دبئی ٹیسٹ کے ڈرا ہونے کے معاملے پر اس تاثر کو پریس کانفرنس کے دوران مسترد کردیا۔ انہوں نے ایک سال بعد یاسر شاہ کی واپسی کے بعد کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ میچ نہ جیتنے پر کسی کو مو رد الزام ٹھہرایا نہ ہی غصے کا اظہار کیا۔ کپتان کی جانب سے سینیئرز کی بات ماننے پرکوچ مکی آرتھر نے میڈیا میں آکر جس ناگواری کا مظاہرہ کیا اس سے کچھ حلقوں کے خیال میں اس تاثر کو تقویت ملی ہے کہ مکی آرتھر ماضی میں آسڑیلیا اور جنوبی افریقہ کے کوچ کی حیثیت سے سینیئر کھلاڑیوں کے ساتھ جس انداز میں الجھے اب وہ پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ بھی اسی طر زعمل کا مظاہرہ کررہے ہیں۔اس با رے میں بھی کوئی دو رائے نہیں کہ وہ موجودہ ٹیم میں بھی سینیئرز کے حق میں نہیں۔ یہی وجہ تھی کہ آسڑیلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ان کی مخالفت کے باوجود سرفراز احمد نے چیف سلیکٹر انضمام الحق پر زور دے کر محمد حفیظ کو اسکواڈ میں شامل کروایا اور پہلی اننگز میں سابق کپتان نے 208 گیندوں پر 15 چوکوں کے ساتھ شاندار 126 رنز بنا کر انتخاب کو نہ صرف درست ثابت کیا بلکہ کپتان کے اعتماد پر بھی پورا اترے ایسا لگ رہا ہے کہ کپتان سرفراز احمد نے اوپنر محمد حفیظ کو ٹیم میں شامل کرکے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو ناراض کر دیا ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: