Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت میں سائبر سیکیورٹی ورکشاپ کا انعقاد

محمد عرفان شفیق ۔کویت 
 
پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کے زیر اہتمام گزشتہ دنوں“Cyber Security Awareness Workshop” کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے انٹرنیٹ صارفین اور آئی ٹی پروفیشنلز نے شرکت کی۔ ورکشاپ کا اہتمام پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کے آئی ٹی ڈویژن نے کیا، جس میں اختر نوید، شکیل مرتضیٰ، کاشف شہزاد جبکہ محمد عمران خان نے نہایت احسن طریقے سے ورکشاپ کوآرڈینیٹر کے فرائض سر انجام دیئے۔
 ورکشاپ کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن سے ہوا جسکی سعادت محمد علی حسن نے حاصل کی جبکہ نظامت کے فرائض فیصل جمیل نے ادا کئے۔ انہوں نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور ورکشاپ کی غرض و غایت بیان کی۔ انہوں نے ورکشاپ ٹرینر شکیل مرتضیٰ اور کاشف شہزاد کا تعارف پیش کیااور انہیں لیکچر اور پریزنٹیشن کی دعوت دی۔ شکیل مرتضیٰ نے انتہائی مؤ ثر، سادہ اور دلچسپ انداز میں عام صارفین کو سائبر حملوں ، ای میل اور پرسنل اکاؤ نٹس کی حفاظتی تدابیر سے آگاہ کیااور شرکاء کو بنیادی حفاظتی طریقہ کار بتائے جن پر عمل کر کے وہ کسی بھی مالی نقصان یا اپنی ذاتی معلومات کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔ تمام شرکاء نے انتہائی دلچسپی سے ان تمام طریقہ کار سے آگاہی حاصل کی ۔
کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی مزید خبریں پڑھنے کے لئے کلک کریں
 اسکے بعد ورکشاپ کے دوسرے ٹرینر اور سائبر سیکورٹی کے ماہر کاشف شہزاد نے نہایت پیشہ وارانہ انداز میں شرکاء کو ہیکرز کے بارے میں بتایا کہ وہ کس طرح صارف کے اکاؤ نٹ اور ڈیٹا تک رسائی حاصل کرتے ہیں اور کن طریقوں سے صارفین کے اکاؤ نٹس کو ہیک کرتے ہیں۔ انہوں نے مؤثر انداز میں اس سے بچاؤ کی تدابیر، حفاظتی اصول اور طریقہ کار بیان کیا جس کو تمام شرکاءنے انتہائی دلچسپی اور انہماک سے سنا۔ تمام شرکاء نے اس ورکشاپ کو انتہائی مفید ، کارآمد ، دلچسپ اور کامیاب قرار دیا۔ پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کے صدر محمد عرفان عادل نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے تمام شرکاء  کا ورکشاپ میں شرکت کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا ایسی ورکشاپس کمپیوٹر صارف، طلبہ اور آئی ٹی ماہرین کے لیے انتہائی مفید اور معلوماتی ہیں۔ ہم ان شا اللہ مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔ پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کے سیکرٹری جنرل محمد عرفان شفیق نے اس موقع پر کہا کہ اس ورکشاپ کے ٹریننرشکیل مرتضیٰ، کاشف شہزاد اور ٹریننگ کوآرڈینیٹر محمد عمران خان بالخصوص اور PEFK ٹیم کے تمام ممبران جنہوں نے اس ورکشاپ کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا، مبارکباد کے مستحق ہیں۔ آخر میں تمام شرکاء کو سرٹیفیکیٹس دیے گئے اور حاضرین کی تواضع پر تکلف عشائیہ سے کی گئی۔

شیئر: