Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سعودی عرب کی ضرورت ہے ، ٹرمپ

واشنگٹن۔۔۔امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ کو دہشتگردی کے خلاف جنگ  اور ایران سمیت دیگر مقامات پر رونما ہونیوالے حالات سے نمٹنے کیلئے سعودی عرب کی ضرور ت ہے ۔ امریکہ سعودی عرب سے دستبردارنہیں ہو سکتا ۔ فوکس نیٹ ورک کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوںنے  کہا کہ سعودی عرب سے دستبردار ہونے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا ۔ سعودی عرب مشرق وسطیٰ میں ہمارا دائمی اور اہم حلیف ہے ۔انہوں نے  کہا کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی کا ذمہ دارسعودی عرب کو ٹھہرانے میں جلد بازی مناسب نہیں ۔سعودی عرب کے خلاف مستند شواہد سامنے آنے سے پہلے  اسے گمشدگی کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا ۔ٹرمپ نے کہا کہ خاشقجی کی گمشدگی سے متعلق ترکی سے آڈیو اور ویڈیو کا ریکارڈ طلب کیا ہے بشرطیکہ ان کے پاس ہو ۔امریکی صدر نے توقع ظاہر کی کہ حالیہ ہفتے کے اختتام تک خاشقجی کے ساتھ کیا کچھ ہوا اس کی حقیقت معلوم ہو جائے گی۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ٹیلیفونک رابطے کے دوران انہیں بتایا ہے کہ خاشقجی کی گمشدگی کے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی  ۔اس کا دائرہ وسیع کیا جائیگا ۔صدر ٹرمپ نے  اے ایف پی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ تمام حقائق منظر عام پر آنے سے قبل خاشقجی کی گمشدگی پر سعودی عرب کو ذمہ دار ٹھہرانا کسی طور درست نہیں ۔عدالت کا اصول یہی ہے کہ جب تک کسی کے خلاف کوئی الزام ثابت نہ ہو تب تک اسے بری الذمہ ہی مانا جاتا ہے ۔ انہوں نے خاشقجی سے متعلق حقائق دریافت کرنے کے سلسلے میں مشترکہ کمیشن کے قیام کی بابت سعودی عرب کی درخواست کی تائید و حمایت کی ۔ دریں اثناء امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بدھ کو  جمال خاشقجی کی گمشدگی کے معاملے پر ترک صدر رجب طیب اردگان سے مذاکرات کئے ہیں۔

شیئر: