Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے 15 رکنی پاکستانی ا سکواڈ کا اعلان

لاہور: آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے 15 رکنی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔پاکستان اے کی نمائندگی کرنے والے4 کھلاڑیوں آصف علی، حسین طلعت، صاحبزادہ فرحان اور شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی میں موقع دیا جا رہا ہے ۔تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عامر کو ڈراپ کیا گیا ہے جبکہ فٹنس معیار پر پورا اترنے کے بعد عماد وسیم کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ قائد اعظم ٹرافی میں عمدہ کارکردگی دکھانے پر وقاص مقصود کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ امام الحق کو انگلی میں فریکچر کے باعث ٹیم سے ڈراپ کیا گیا ہے۔ منتخب کردہ ٹیم میں سرفراز احمد، فخرزمان، محمد حفیظ، صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم، شعیب ملک، آصف علی، حسین طلعت، شاہین شاہ آفریدی،عثمان شنواری، عماد وسیم، حسن علی، فہیم اشرف، شاداب خان اور وقاص مقصود شامل ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی میچز 26,24 اور 28 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات میں ہوں گے۔فاسٹ بولر محمد عامر کو خراب کارکردگی کی وجہ سے ایک بار پھر ڈراپ کیا گیا اور اب ان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی بھی مشکل دکھائی دے رہی ہے۔ محمد عامر5 سالہ پابندی ختم ہونے کے بعد سے پاکستانی ٹیم کا تینوں فارمیٹس میں مستقل حصہ رہے ہیں تاہم گزشتہ سال چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں ہندکے خلاف 3 وکٹوں کے شاندار اسپیل کے بعد سے ان کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ۔ وہاب ریاض کو بھی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا جو پہلے ٹیسٹ کے دوران بری طرح ناکام رہے تھے۔ عماد وسیم فٹ ہونے کے بعد پاکستان ٹیم میں واپس آئے ہیں، گزشتہ سال اکتوبر میں سری لنکا کے خلاف سیریز اور پاکستان سپرلیگ میں شرکت کے بعد عماد وسیم گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے انہیں محمد نواز کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا۔ بیٹسمین بابراعظم بھی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈمیں شامل ہیں۔ بابر اعظم اور عماد وسیم زمبابوے کے خلاف جولائی میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: