Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب پاکستان کو12ارب ڈالر کا پیکیج دے گا

اسلام آباد...سعودی عرب نے پاکستان کو مالی بحران سے نمٹنے کے لئے 12 ارب ڈالر کا پیکیج دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ 3 سال کیلئے سالانہ 3 ارب ڈالر کا ادھار تیل اور ایک سال کیلئے 3ارب ڈالر دئیے جائیں گے۔وزیراعظم ہاوس نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان اور دیگر حکام سے ملاقاتوں کے حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا ۔اعلامیے میں کہا گیا کہ سعودی عرب پاکستان کو 9 ارب ڈالرکا تیل ادھار دینے کے لئے رضامند ہوگیا۔ ادھار تیل کی سہولت 3 سال کے لئے ہوگی۔ بعد ازاں ادھار تیل کی سہولت میں توسیع ہوسکے گی ۔ سعودی عرب 3 ارب ڈالر پاکستان کے پاس ایک سال کے لئے بیلنس آف پے منٹ کے طور ڈیپازٹ بھی رکھے گا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ ولی عہد محمد بن سلمان پاکستانی ورکرز کے لئے ویزا فیس کم کرنے پر بھی متفق ہوگئے۔ سعودی عرب نے پاکستان میں آئل ریفائنری منصوبہ لگانے پر بھی رضا مندی کا اظہار کیا ہے۔ پاک، سعودی معاہدے سے متعلق سعودی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔اعلامیے کے مطابق بلوچستان میں معدنیات کی تلاش کے لئے سعودی عرب کا دلچسپی کا اظہار ہے ۔اس سلسلے میں وفاقی اور بلوچستان حکومت معدنیات کی تلاش کے معاملات طے کریں گے۔ اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر اور سعودی وزیر خزانہ نے ایم او یو پر دستخط کئے۔ جس کے مطابق سعودی عرب رقم کی ادائیگیوں میں توازن کے لئے پاکستان کو 3ارب ڈالر دے گا ۔اس کے ساتھ 3ارب ڈالر کی موخر ادائیگیوں پر پاکستان کو تیل بھی فراہم کرے گا۔سعودی عرب نے پاکستان میں معدنی وسائل کی ترقی کے لئے دلچسپی کا اظہار کیا۔ آئل ریفائنری منصوبے پر سعودی عرب ا کابینہ کی منظوری کے بعد دستخط کرے گا۔

شیئر: