Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عدلیہ سے خوفزدہ نہیں،عزت کرتا ہوں،مراد علیشاہ

کراچی ...وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عدلیہ سے خوفزدہ نہیں بلکہ عدلیہ کی عزت کرتا ہوں، جب بھی بلایا جائے گا، ضرور حاضر ہونگا۔سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے بتایا کہ چیف جسٹس سے ملاقات کافی اچھی رہی۔ صوبے کے مسائل پر بات ہوئی، ملاقات ایسے ہوئی جیسے کسی بڑے سے ہوتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ چیف جسٹس کا شکرگزارہوں انہوں نے مجھے کچھ بتانے کا موقع دیا،ان کو جوباتیں بتائیں وہ سب نہیں بتا سکتا۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ عدالت میں میری طلبی کا تاثرغلط ہے، چیف جسٹس نے طلب نہیں کیا بلکہ ملاقات کیلئے بلایا تھا جس پر چیف جسٹس نے بھی کہا میڈیامیں غلط آیا میں نے آپ کوطلب کیا، ان سے خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی ۔ انھوں نے بتایا کہ پہلے بھی عدالت میں حاضر ہوا ہوں، میں پہلا وزیراعلی تھا جسکو چیف جسٹس نے بلایا تھا، جب بھی بلایا جائے گا ضرور حاضر ہونگا۔ وزیراعلی نے بتایا کہ چیف جسٹس نے مجھے وزیراعلی بننے پر مبارکباد دی اور کہا کہ سندھ کے عوام نے آپ پر اعتماد کیا ہے۔چیف جسٹس میرے کام سے کافی مطمئن ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے کافی مسائل تھے جن سے چیف جسٹس کو آگاہ کیا گیا اور ان سے نیب کے بارے میں بھی بات کی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ انہوں نے چیف جسٹس سے کہا کہ آپ مجھے ٹائم دیا کریں میں خود آپ کے پاس آﺅں گا۔ انہوںنے کہا کہ انہوں نے منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کی شکایات کے حوالے سے بھی چیف جسٹس کو بتایا،ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ معلومات دینا اداروں کا کام ہے، وزیراعلی کا نہیں۔ چیف جسٹس کو بتایا کہ جے آئی ٹی سے عدم تعاون کی شکایات ملی تھیں۔ جے آئی ٹی نے محکمہ آبپاشی اور ورکس اینڈ سروسز سے تفصیلات مانگی تھیں۔ٹھیکوں و دیگر تفصیلات دینے کیلئے 2 دن دیئے گئے تھے اتنے وقت میں اتنا سارا ڈیٹا کیسے دیا جاسکتا ہے۔ایسا تھوڑی ہوتا ہے کہ ایک بٹن دبا اور ریکارڈ مل جائے۔ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ہر انکوائری میں تعاون کے لئے تیار ہوں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ چیف جسٹس کوتھر کی صورتحال اور اپنے دس سالہ تجربات کے بارے میں آگاہ کیا، چیف جسٹس میرے ساتھ تھرکے دورے پرچلنے پر آمادہ ہیں۔

شیئر: