Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں رواں ہفتے ممکنہ شدید بارش کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پر عمل کیاجائے ، شہری دفاع

مدینہ منورہ ، ینبع ،جازان۔۔۔مملکت کے مختلف  شہروں میں رواں ہفتے ممکنہ شدید بارش کے پیش نظر شہری دفاع نے    لوگوں کو متنبہ کیا  ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں ۔ بارشوں کے دوران نشیبی علاقوں اور وادیوں میں تفریح کی غرض سے قیام نہ کریں ۔سبق نیوز نے مدینہ منور ہ کے شہری دفاع کے ترجمان کرنل خالد الجھنی کے حوالے سے کہا ہے کہ موسم برسات میں احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے پر خطرمقامات پر قیام نہ کریں ۔ بارش کے وقت اشد ضرورت کے بغیر گھروں سے نہ نکلیں ۔ شاہراہوں پر ٹریفک قوانین کا خیال رکھتے ہوئے خصوصی احتیاط برتیں کیونکہ بارش کے وقت سڑکوں پر پانی کھڑا ہو جاتا ہے جس کے سبب مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں ۔ شہر کے نواحی علاقوں میں رہنے والے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی مشکل میں مبتلا نہ ہوں ۔ شاہراہوں پر نصب اشتہاری بورڈوں کے نیچے ٹہرنے سے گریز کریں اور بجلی کے کھمبوں کا سہارا بھی نہ لیاجائے ۔ گھروں میں بجلی کے تاروں اور کنکشن کا خاص خیال رکھیں اور کسی ماہر کی خدمات حاصل کرتے ہوئے خراب کنکشن درست کروائیں ۔ عام طور پر موسم برسات میں خراب بجلی کے کنکشن کے باعث حادثات رونما ہوتے ہیں اس لئے بارش سے قبل گھروں میں بجلی کے تاروں اور کنکشنز کو درست کر والیں ۔ آسمانی بجلی گرنے کے وقت موبائل فون کا استعمال قطعی طور پر نہ کیاجائے ۔ بجلی گرنے کے وقت موبائل فون ارتھ سگنل کا کام کرتا ہے جس سے مشکل صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہو تا ہے اس لئے اس بات کا خصوصی خیال رکھا جائے کہ بجلی گرنے کے وقت موبائل فو ن استعمال نہ کیاجائے ۔ کرنل الجھنی نے مزید کہا کہ ایسے شیڈ جہاں ٹین کی چادریں لگائی گئی ہوں وہاں بادوباراں کے دوران کھڑے نہ ہوں کیونکہ طوفانی بارش کے دوران ٹین کے شیڈ اڑنے یا گرنے کا خدشہ ہو تا ہے ۔ الجھنی نے مزید کہا کہ شہری دفاع نے ہنگامی حالت سے نمٹنے کیلئے تمام اقدامات کر لئے ہیں اس ضمن میں پرخطر مقامات پر فوری طور پر نکاسی آب کے انتظامات کر لئے گئے ہیں جہاں عملہ بھی متعین کر دیا گیا تاکہ پانی جمع ہونے کی صورت میں فوری طور پر ہیوی ڈیوٹی پمپس کے ذریعے جمع ہونے والا پانی نکال کر ٹریفک کی روانی کو بحال کیاجاسکے ۔ شہری دفاع کی جانب سے محکمہ موسمیات کے تعاون سے اس بات کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے کہ شہریوں اور مقیمین کو تبدیل ہوتے ہوئے موسم کے میں بارے فوری اور مصدقہ اطلاعات پہنچائی جاسکیں ۔ دوسری جانب الباحہ اور مشرقی ریجن کے شہری دفاع کے ترجمان کا کہنا ہے کہ موسم برسات کی آمد کے ساتھ ہی تمام ہنگامی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ لوگوں کو چاہئے کہ وہ شہری دفاع کی جانب سے جاری کی جانے والی ہدایتوں پر عمل کریں تاکہ کسی قسم کی مشکل صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ الباحہ ریجن کے شہری دفاع کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ریجن میں شاہراہوں پر سفر کرنے والے تبدیل ہوتے ہوئے موسمی حالات پر نظر رکھیں ۔ وادیوں اور نشیبی علاقو ں میں قیام سے گریز کریں ۔ ایسے مقامات جہاں پانی بڑی مقدا ر میں جمع ہوتا ہے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے اس لئے ایسے مقامات پر جہاں پانی ریلے سے صورت میں بہہ رہا ہو وہاں قیام اور تفریح کرنے سے گریز کریں ۔ کسی بھی ہنگامی حالت میں محکمہ شہری دفاع یا ہنگامی امدادی نمبر 998  پر کال کر کے مدد طلب کی جاسکتی ہے ۔ اس ضمن میں شہری دفاع کے ویب سائٹwww.998.gov.sa پر موسمی حالات سے باخبر رہنے کیلئے اہم معلومات اورہدایات اپ لوڈ کی ہیں جس سے استفادہ کیاجائے ۔

شیئر: