Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ون ڈے سیریز:نیوزی لینڈ کےخلاف پہلا میچ آج ہوگا

ابوظبی: ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں شاندار کامیابیاں سمیٹنے والی پاکستانی ٹیم ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں آج نیوزی لینڈ کیخلاف میدان میں اترے گی ۔ ایشیا کپ میں بدترین کارکردگی کے سرفراز الیون کو ون ڈے کے حوالے سے ایک اور امتحان درپیش ہے اور اس فارمیٹ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی ہر گز قابل رشک نہیں۔ اسے جس حریف کا سامنا کرنا ہے اس نے رواں سال کے اوائل کی سیریز میں پاکستان کو0-5سے کلین سویپ کیا تھا تاہم وہ سیریز نیوزی لینڈ کی سرزمین پر ہوئی تھی جبکہ امارات میں میزبان ٹیم کو کسی حد تک ایڈوانٹیج حاصل ہو سکتا ہے ۔نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 0-3 کی کلین سویپ شکست کی خفت سے دوچار ہو نے کے بعد اب اس فارمیٹ میں بھر پور جوابی کارروائی کی کوشش کرے گی تاہم اسے گزشتہ سیریز کے اپنے بہترین کھلاڑی مارٹن گپٹل کی خدمات حاصل نہیں جبکہ میچ سے قبل وہ ایک اور اہم بیٹسمین کورے اینڈرسن سے بھی محروم ہو چکی ہے ۔اس کے باوجود وہ اس پوزیشن میں ہے کہ پاکستان کی ڈانوا ڈول بیٹنگ لائن کو قابو کرنے میں کامیاب ہو سکے ۔ کیوی بیٹسمین کین ولیمسن اگر وکٹ پر ٹھہرنے میں کامیاب ہو تے ہیں تو ٹم ساوتھی اور ٹرینٹ بولٹ جیسے بولرز کے سامنے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کو مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے جبکہ ہدف دینے کے معاملے میں بھی اس کا ریکارڈ زیادہ خوش کن نہیں۔فخر زمان، بابر اعظم ، شعیب ملک اور محمد حفیظ جیسے بیٹسمین اگر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہے تو سیریز دلچسپ ہو سکتی ہے ۔یکے بعد دیگرے 2ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سویپ فتح اور مسلسل 11ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے سے سرفراز الیون پر اعتماد ضرور ہے لیکن فارمیٹ کی تبدیلی حسب معمول مسئلہ بن سکتی ہے ۔ بولنگ لائن کی کارکردگی میں کوئی شک وشبہ نہیں تاہم بولرز بھی اسی وقت کچھ کر پائیں گے جب اسکور بورڈ پر قابل مقابلہ ہدف موجود ہو ۔ اس سال اگر ٹیم کی اس فارمیٹ میں کامیابیوں کا جائزہ لیا جائے تو اسے 15میں سے 7میچ جیتنے کا موقع مل سکا وہ بھی زمبابو ے، افغانستان اور ہانگ کانگ جیسی ٹیموں کے خلاف جبکہ مضبوط حریفوں کے سامنے اس کی تمام کمزوریاں کھل کر سامنے آگئیں اور نتیجہ ناکامی کی صورت میں سامنے آتا رہا جس کی تازہ ترین مثال ایشیا کپ تھی۔ آج کا میچ ابو ظبی کے شیخ زاید اسٹیڈیم میں کھیلاجائے گا۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے اردونیوز"واٹس ایپ اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: