Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہاکی برادری ایک ماہ کیلئے تنقید بند کردے

لاہور: پاکستانی اولمپیئن طاہر زمان نے ہاکی برادری کو تنقید بند کرکے صرف ایک ماہ تک قومی ٹیم کی بھرپور حمایت کرنے کی اپیل کردی۔ قومی ٹیم کے ورلڈ کپ کیلئے کیمپ میں گفتگو کے دوران ایف آئی ایچ کوالیفائیڈ کوچ اور تجربہ کار اولمپیئن نے اعتراف کیا کہ قومی کھیل کے زوال میں مجھ سمیت ہم سب کا کچھ نہ کچھ کردار ضرور ہے۔ یہ درست ہے کہ ہر ایک کے اہداف ہوتے ہیں، کسی نہ کسی شکل میں ہر ایک کو کام کرنے کا موقع ملا ہے۔ ہمیں ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح دینے کی سوچ بدل کر حقیقت پسندانہ رویہ اختیار کرنا ہوگا۔ سابق اولمپیئن کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم ورلڈکپ کی تیاری میں مصروف ہے۔ ہم سب کو تنقیدکے بجائے اب کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنا چاہئے۔ ایک ماہ تک صبر کرلیں، ورلڈکپ ختم ہونے پر جتنی چاہیں تنقید کریں، فی الحال ہند جاکر پاکستان کا نام روشن کرنے کی تیاریوں میں مصروف کھلاڑیوں کو حوصلہ دینے کی ضرورت ہے۔طاہر زمان نے کہا کہ دنیا کے جن ممالک نے اسپورٹس میں ترقی کی ہے، وہاں بھی تنازعات ہوتے ہیں لیکن اس طرح منفی چیزوں کو اچھالا نہیں جاتا جو ہم کررہے ہیں، جب فیڈریشن کا حصہ ہوں تو سب اچھا کہتے ہیں لیکن جب باہر ہوں تو ہر چیز میں کیڑے نکالنا شروع کردیتے ہیں۔ 1994ءکے ورلڈکپ پر جانے سے پہلے بھی ایسا ہی ماحول بن گیا تھا، اس وقت ہمارے ٹیکنوکریٹس اور نام نہاد ماہرین نے یہ کہہ رہے تھے کہ یہ ٹیم چائے کا کپ نہیں جیت سکتی، ورلڈ کپ کیا جیتے گی۔ ہم نے ان تمام باتوں کا غصہ ورلڈ کپ میں دکھایا اور شاندار پرفارمنس سے ہاکی ورلڈ کپ جیت کر دکھایا۔ موجودہ کھلاڑیوں کو بھی اسی سوچ کے ساتھ میدان میں کھیلنا چاہئے کہ وہ اپنی شاندار کارکردگی سے سب کو خاموش کراسکتے ہیں۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے اردونیوز"واٹس ایپ اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: