Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ارکان اسپورٹس کمپلیکس کے زیراہتمام کرکٹ، فٹ بال اور باسکٹ بال کے میچز

 فائنل جیتنے والی ٹیم کیلئے 5ہزار ریال انعام اور ٹرافی ، دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 3ہزار ریال اور ٹرافی جبکہ تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 2ہزار ریال اور ٹرافی دی گئی
 ذکاءاللہ محسن ۔ ریاض 
ارکان ا سپورٹس کمپلیکس کے زیر اہتمام کرکٹ، فٹ بال اور باسکٹ بال کے فائنل میچز منعقد ہوئے جس میں تینوں گیمز کے کھلاڑیوں کے علاوہ شائقین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔ ارکان اسپورٹس کمپلیکس ریاض میں اپنی نوعیت کا پہلا اسپورٹس کمپلیکس ہے جس میں سعودی عرب میں پہلی بار ان ڈور کھیلوں کے بلاکس بنائے گئے ہیں جس میں کھلاڑی بہتر انداز میں اپنا کھیل پیش کرتے ہیں ۔ ارکان اسپورٹس کے ترجمان اشفاق احمد کا کہنا تھا کہ ایک ماہ چلنے والے اسپورٹس ایونٹ میں باسکٹ بال کی 18 ٹیموں نے شرکت کی ۔کرکٹ کی 10 جبکہ فٹبال کی بھی 10 ٹیموں نے شرکت کی ۔تینوں کھیلوں کے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے پورا مہینہ جاری رہے اور کھلاڑیوں نے خوب اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا کھیل پیش کیا اور جیت کی لگن کے ساتھ آگے بڑھتے رہے تاہم باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا فائنل فلپس سعودی لائٹنگ ٹیم نے جیتا اور کرکٹ کا فائنل میچ بھی فلپس سعودی لائٹنگ کے نام رہا جبکہ فٹبال کا فائنل سعدالدین کمپنی نے اپنے نام کیا۔ ٹورنامنٹ میں سعودی شہریوں کے علاوہ پاکستانی، انڈین، بنگلہ دیش اور فلپائن کے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ اسی طرح سبھی ممالک کے شائقین کی بڑی تعداد بھی موجود رہی۔ فائنل جیتنے والی ٹیم کو 5ہزار ریال انعام اور ٹرافی دی گئی جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 3ہزار ریال اور ٹرافی جبکہ تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 2ہزار ریال اور ٹرافی دی گئی۔ فائنل میچز کے اختتام پر پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی انڈسٹریل ایریا مدن کے انچارج خالد الاسلام نے کہا کہ ارکان اسپورٹس کی جانب سے یہ شاندار ایونٹ یقینا قابل تحسین ہے اور جس طرح ایک اچھے ماحول میں کھلاڑی اپنا کھیل پیش کرتے ہیں اس سے مزید کھلاڑیوں کے اندر صلاحیتیں ابھر کر سامنے آتی ہیں۔ نوجوانوں کو کھیل کی جانب راغب کرنا اور ان کو صحت مند کھیل کھیلنا چاہئے جس طرح سعودی شہری فٹ بال کو پسند کرتے ہیں اسی طرح ایشیائی ممالک کے نوجوان کرکٹ کو پسند کرتے ہیں سعودی عرب میں دیکھا گیا ہے کہ تمام کھیلوں کے بڑے مقابلے ہوتے ہیں جن میں کھلاڑی بڑے جوش و جذبے کے ساتھ کھیلتے ہیں۔ جیتنے والی تمام ٹیموں کومبارکباد دیتا ہوں اور ہارنے والی ٹیموں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں کہ وہ اگلے مقابلوں میں بھرپور انداز میں شرکت کرکے جیتیں گے ۔ ارکان ا سپورٹس کے سی ای او مد الدھبان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی پرفارمنس متاثر کن رہی اور ایک دوسرے سے سبقت لیجانے اور جیت کے جذبے سے بھرپور مقابلوں سے کھیل میں بھی بہتری آئی ہے۔ ارکان ا سپورٹس کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل معیار کے کورٹس مہیا کرتا ہے جس سے ان کے کھیل میں مزید نکھار پیدا ہوتا ہے ۔تقریب میں تینوں فارمیٹ میں اچھا کھیل پیش کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے بھی میڈل اور انعامات دئیے گئے جبکہ میچ ریفرریز کو بھی شیلڈز سے نوازا گیا۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے اردونیوز"واٹس ایپ اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: