Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تحریک چلانے کے موڈ میں نہیں،احسن اقبال

کراچی...مسلم لیگ(ن)کی مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینیراورسابق وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف کسی تحریک کے موڈ میں نہیں۔ چاہتے ہیں حکومت اپنی غلطیوں اور ناکامیوں کے بوجھ تلے آکر انجام کو پہنچے۔ حکومت کے پاس معیشت چلانے کے لئے پانی سے گاڑی چلانے کے فارمولے ہیں۔ اناڑی اور ناتجربہ کار حکومت کی بنیاد کھوکھلی ہے۔ 200 ارب ڈالر واپس آنے تھے۔ ابھی تک 2 ڈالر واپس نہیں لاسکے۔ہمارا سب سے بڑا گناہ یہ ہے کہ سی پیک منصوبہ بن گیا۔ ن لیگ دوبارہ اقتدار میں آجاتی تو دگنی ترقی ہوتی ۔ کئی ملکوں کو پاکستانی کی ترقی پسند نہیں تھی۔ ایک سازش کے تحت ہماری حکومت کا راستہ روکا گیا۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی اور قیام امن میں مسلم لیگ کے کردار کونظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ 4سال میں 12000 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جو قومی تاریخ ریکارڈ ہے۔ اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرائی۔ دہشت گردی اور بھتہ خوری سے کراچی اور ملک کو نجات دلائی۔ سی پیک اور کراچی کے امن کو ترجیح بنایا۔ ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد کے زریعے ملک میں امن قائم کیا۔ اصولوں پر بڑی سے بڑی قربانی دے سکتے ہیں مگر سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔احسن اقبال نے کہاکہ حکومتی وزرا کہتے ہیں کہ دھرنے میں اداروں کے خلاف باتیں اپوزیشن نے کیں۔ دھرنے کے کیس بھی ہم پر ڈالے جارہے ہیں۔ اس سے حکومت کی ذہنیت کا اندازہ کرسکتے ہیں کہ یہ کتنے خوفزدہ ہیں لیکن انتقامی ہتھکنڈے ہمیںکمزور نہیں کرسکتے۔ حکومت کے لئے سب سے بڑا خوف خود اس کی نااہلی اور غلط پالیسیاں ہیں جن سے لوگ نالاں ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا وہ اب بددعائیں دے رہے ہیں۔ حکومت نے اپنے ووٹروں کو مایوس کیا ہے۔ 

شیئر: