Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نادرا میں مسئلہ انٹر نیٹ سروس میں خرابی کے باعث ہوا، ارشد منیر

    جدہ ( ارسلان ہاشمی )  --  -پاکستان قونصلیٹ کے ترجمان ارشد منیر نے کہا ہے کہ انٹر نیٹ سروس میں فنی خرابی کی باعث  نادرا سیکشن میں ڈیٹا ہیڈ آفس ٹرانسفر نہیں کیا جاسکا جس کے باعث لوگوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔ مقامی ٹیلی فون کمپنی میں شکایت جمع کی ہوئی ہے جس پر کام جاری ہے ۔ اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پریس قونصلر نے مزید کہا کہ نادرا سیکشن میں انٹر نیٹ سروس میں فنی خرابی کا آغاز جمعرات سے ہوا تھا تاہم انٹر نیٹ بحال ہوتے ہی  درخواستیں فوری طور پر پراسس کر دی گئی ۔ سعودی ٹیلی کام کی جانب سے انٹرنیٹ سروس میں فنی خرابی کو مکمل طور پر تاحال دور نہیں کیا جاسکا ۔ قونصلیٹ کی جانب سے کمپنی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں ہماری کوشش ہے کہ جلد ازجلد انٹر نیٹ سروس مکمل طور پر بحال ہو جائے ۔ ایک سوال پر ارشد منیر نے کہا کہ علاقے میں فائبر آپٹک کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے لائن سروس کے ذریعے انٹر نیٹ حاصل کیا جاتا ہے ہماری کوشش ہے کہ جلد از جلد فائبر آپٹک کی سروس حاصل کر لی جائے جس کیلئے ایس ٹی سی میں درخواست جمع کروائی گئی ہے ۔  پریس قونصل کا کہنا تھا کہ انٹر نیٹ سروس میں فنی خرابی کے باعث لوگوں کو دشواری کاسامنا کرنا پڑا تاہم خرابی کا نادرا سیکشن سے کوئی تعلق نہیں ہماری کوشش ہے کہ بہتر سے بہتر خدمات ہموطنو ں کو فراہم کی جائیں جس کیلئے کوشاں رہتے ہیں ۔   دوسری جانب نادرا کے ذرائع کا کہنا تھا کہ جمعرات کو انٹر نیٹ سروس میں فنی خرابی پیدا ہوئی تھی جس پر فوری طور پر کمپنی سے رابطہ کیا گیا ۔ سروس بحال ہوتے ہی تمام درخواستیں پراسس کر دی گئی ۔ ہفتہ وار تعطیلات کے بعد دوبارہ انٹرنیٹ سروس منقطع ہو گئی جس سے کافی دشواری کاسامنا کرنا پڑا ۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ اتوار کو جزوی طور پر سروس بحال ہونے پر فوری طور پر تمام ڈیٹا مرکزی دفتر کو ارسال کر دیا گیا تھا تاہم پیر کے روز سروس بحال نہیں ہوئی۔
مزید پڑھیں:- - - - -شہزادہ محمد بن سلمان نے 130تاریخی مساجد کی مرمت کا حکم دیدیا

شیئر: