Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میچ فکسنگ: ٹی10دوسرے ایڈیشن پر سوالیہ نشان لگ گیا

شارجہ: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے گزشتہ سال امارات میں ہونے والی پہلی ٹی 10لیگ میں مبینہ کرپشن یا میچ فکسنگ کی وجہ سے سری لنکا کے سابق کرکٹر دلہارا لوکوہیٹج کو ابتدائی طور پر معطل کر دیا ہے ۔ دلہارا پر اینٹی کرپشن کوڈ کی 3شقوں کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے۔ آئی سی سی نے سری لنکا کے سابق انٹرنیشنل کرکٹر کو چارج شیٹ جاری کردی ہے اور انہیں 14 روزکے اندران الزامات کا جواب دینا ہوگا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم اماراتی کرکٹ بورڈ کی نیابت کرتے ہوئے دلہارا لوکوہیٹج کو اینٹی کرپشن کوڈ کی مختلف شقوں کی خلاف ورزی پر چارج شیٹ کرتے ہوئے معطل کررہے ہیں۔ یہ خلاف ورزی گزشتہ سال کھیلی جانے والی ٹی 10لیگ سے متعلق ہیں۔ یاد رہے کہ اماراتی کرکٹ بورڈ کی درخواست پرآئی سی سی نے اینٹی کرپشن آفیشل کا تقرر کیا تھا۔ جن شقوں کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی وہ میچ فکس کرنے کی کوشش،نتیجے پر اثر انداز ہونے کے اقدام،کسی کھلاڑی کو خلاف ورزی پر آمادہ کرنے اور قواعد کے تحت کرپشن کے بارے میں متعلقہ حکام کو آگاہ کرنے میں لیت ولعل سے کام لینے سے متعلق ہیں۔ دریں اثناء انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ وہ اس مرحلے پر اس حوالے سے مزید کوئی تفصیل نہیں بتائے گی۔آئی سی سی کی اس کارروائی نے ٹی ٹی10 لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے انعقاد پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی اس لیگ کی شفافیت کے بارے میں سوال اٹھایا تھا اور بڑی مشکل سے اپنے کھلاڑیوں کو اس میں شرکت کی اجازت دی ۔ لیگ میں شریک ایک ٹیم کے نام کی تشہیر کو بھی عدالت نے روک دیا ہے جبکہ منتظمین کی جانب سے لیگ کے کچھ میچ پاکستان میں کرانے پر پاکستان سپر لیگ فرنچائزز نے بھی سخت اعتراض کیا تھا۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ میں "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: