Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہد آفریدی کا بیان، پاکستانی کمیونٹی نے کیا کہا؟

ریاض ( ذکاء اللہ محسن) کشمیر ایشو کے حوالے سے مایہ ناز پاکستانی کھلاڑی شاہد خان آفریدی کے بیان کے بعد جہاں دنیا بھر میں ہنگامہ برپا ہے، وہیں پر اہلیان ریاض میں بھی لوگوں نے شاہد آفریدی کے بیان پر ملا جلا ردعمل دیا ہے۔ 
  • جموں کشمیر لبریشن فرنٹ ریاض کے سابق صدر نوید اجمل کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی کا بیان ان کے موقف کے عین مطابق ہے کیونکہ ہم بھی یہی نقطہ نظر اور موقف رکھتے ہیں کہ کشمیر کشمیریوں کا ہے لہذا پاکستان اور بھارت کشمیریوں کو فیصلہ کرنے دیں۔ اس طرح خطے میں امن بھی قائم ہوگا اور کشمیریوں پر ظلم وستم کا سلسلہ بھی ختم ہوجائے گا۔ خود مختار کشمیر ہی مسئلے کا حل ہے اور پاک وبھارت کے باہمی تعلقات کو نئی سمت دینے میں بھی اہم پیش رفت کا باعث ہوگا۔
  •  احسن عباسی کا کہنا تھا کہ ہم ایک کرکٹرکو پہلے ہی بھگت رہے ہیں، دوسرے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ شاہد آفریدی کو چاہیے کہ وہ شیمپو وغیرہ کے اشتہارات کریں۔ کشمیر کے مظلوموں پر خیال آرائی سے گریز ہی کریں تو بہتر ہے۔
  • پیپلز پارٹی رہنما محمد خالد رانا کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی کے بیان پر شدید رد عمل پر حیرانی ہوئی۔ ان کو کشمیر جیسے حساس مسئلے پر بیان دیتے ہوئے احتیاط سے کام لینا چاہئے تھا۔ ان کی طرف سے بعد میں آنے والی وضاحت کو قبول کر لینا چاہئے۔ ہمیں آفریدی سمیت کسی پاکستانی کی حب الوطنی پر شک نہیں ہونا چاہئے۔
  •  پاک میڈیا فورم کے صدر الیاس رحیم کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اقوام متحدہ میں کشمیر کے حل کے لئے جوقرادادیں پاس کی گئی ہیں، انہی کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے۔ کشمیر کا ایشو اس وقت دو ایٹمی طاقتوں کے مابین ہے۔ اس لئے عالمی برادری کو مسئلہ حل کروانے میں کردار ادا کرنا چاہئے۔ شاہد آفریدی کے جذبات اپنی جگہ مگر ان کو کشمیر میں ہونے والے ظلم وزیادتی کے بارے میں بھی علم ہونا چاہئے کہ کس طرح روزانہ نہتے کشمیریوں کو موت کی گھاٹ اتارا جا رہا ہے۔
 شاہد آفریدی کا بیان پر دیگر مضامین پڑھنے کے لئے کلک کریں
  • وسیم ساجد کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی ایک اسپورٹس مین ہیں، انہیں جغرافیائی یا حکومت پاکستان کے موقف کا علم نہیں اور نہ ہی کشمیریوں کے جذبات و احساسات کا علم ہے۔آج بھی مقبوضہ کشمیر کے اندر ہر کشمیری پاکستان کا پرچم بلند کرکے الحاق پاکستان کا اعلان کرتا ہے۔ اس سے کشمیریوں کے موقف کا آسانی سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ کشمیری کیا چاہتے ہیں۔ شاہد آفریدی اس سے قبل بھی اسی طرح کا بیان دے چکے ہیں جس سے پاکستانیوں کے جذبات مجروح ہوئے تھے مگر اب انہوں نے جس طرح کشمیر پر بیان دیا ہے، انہیں اس حوالے سے کافی کچھ سوچنا ہوگا کہ وہ اپنے ملک اور قوم کی آواز سے کس طرح الگ سوچ رکھتے ہیں۔ ہماری حکومت کو بھی چاہئے کہ وہ اپنے قومی ہیروز کو اس طرح کے بیانات دینے سے روکے۔ 
  • بابائے ریاض قاضی اسحاق میمن نے شاہد آفریدی کے بیان کو حماقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ70 سال سے زائد ہوگئے، کشمیر جل رہا ہے، کشمیری ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں اور پاکستان کے ساتھ رہنے کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ دے رہے ہیں، کیا یہ سب کچھ شاہد آفریدی کی نظروں سے اوجھل  ہے۔ کشمیر کل بھی پاکستان کا حصہ تھا ،آج بھی پاکستان کا حصہ ہے۔ کشمیر کے لئے آج تک تمام پاکستانی حکومتوں نے ہر بڑے پلیٹ فارم پر ان کا مقدمہ لڑا ہے۔ اسی طرح پاکستانیوں کے دل بھی کشمیریوں بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔شاہد آفریدی کے بیان نے کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا ہے۔
  •  مسلم لیگی رہنما ڈاکٹر سعید احمد وینس نے کہا کہ شاہد آفریدی کھیل کے میدان کو اچھی طرح جانتے ہونگے ،ضروری نہیں کہ وہ سیاست سے بھی واقف ہوں۔اس لئے انہیں کشمیریوں کے جذبات سے کھیلنے کی ضرورت نہیں تھی۔ انہیں اگر کشمیریوں کا درد اتنا ہی ستا رہا ہے تو وہ عالمی سطح پر کشمیریوں کا موقف بیان کریں اور بھارت کی جانب سے کئے جانے والے ظلم کو آشکار کریں۔ اس سے اقوام عالم کی آنکھیں کھولنے میں مدد بھی لے گی۔
  •  پاک سرزمین پارٹی کے رہنما حنیف بابر کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی کو اپنے الفاظ کا چناو بڑی سوچ سمجھ کر کرنا چاہئے تھا کیونکہ وہ پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ شاہد آفریدی کے الفاظ کو بھارت نے خوب استعمال کیا اور اس سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچا ہے۔
شاہد آفریدی کا بیان، آپ کی رائے کیا ہے؟
 

شیئر: