Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ جدہ اور شرقیہ سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان

مدینہ منورہ۔۔۔ مدینہ منورہ اور قصیم میں بدھ کو کہیں درمیانے درجے او رکہیں ہلکی پھلکی بارش ہوئی۔ ماہرین موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ آج جمعرات سے لے کر اتوار تک مکہ ، جدہ اور مشرقی ریجن سمیت مملکت کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ القصیم یونیورسٹی کی تمام فیکلٹیاں آج جمعرات کو بند رہیں گی۔ موسم کی خرابی کے پیش نظر تمام طلباء و طالبا ت کوچھٹی دیدی گئی ہے۔ حفرالباطن کے تمام اسکول بھی آج بارش کے خطرات کے پیش نظر بند رہیں گے۔ القصیم کے تمام اسکولوں کو بھی بند رکھنے کی ہدایت کر دی گئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج جمعرات سے اتوار تک گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا قوی امکان ہے۔ مکہ مکرمہ، طائف، میسان ، الکامل میں موسلا دھار بارش ہوگی جبکہ ثول ، جدہ ، الشعیبہ ، اللیث، القنفذہ اور آس پاس کے علاقوںمیں جمعہ اور ہفتے کو درمیانے درجے کی بارش ہو گی۔ مدینہ منورہ ریجن میں مختلف مقامات پر درمیانے درجے کی بارش ہو سکتی ہے۔ تیماء ، الوجہ،املج، حالتہ عمار، باحہ، ابھا، جیزان میں درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔ قصیم ریجن میں بیشتر مقامات پر موسلا دھار بارش ، حائل میں کہیںدرمیانے درجے اور کہیں موسلا دھار بارش کی رپورٹ ملی ہے۔ دمام ،ظہران ، الاحسا، الخبر او رآس پاس کے مقامات پر شدید بارش سے ہفتے اور اتوار کو سیلاب آسکتا ہے۔ رفحاء میں بھی سیلاب کا زبردست خطرہ ہے۔ کویت میں بھی زبردست بارش ہو سکتی ہے۔ ریاض ریجن  کے شمالی اور مغربی بعید کے علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ حفر الباطن میں سیلاب او ربارش کی بابت 830شکایات موصول ہوئیں۔ سیلاب میں محصور 44افراد اور 19گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ سیلاب او ربارش سے متاثر 28افراد کو رہائش فراہم کی گئی۔ مدینہ منورہ کے جنوب میں واقع وادی الفرع کمشنری میں 20برس بعد آبشار پھوٹ پڑے۔ مقامی شہریوں نے سوشل میڈیا پر   اس کے ویڈیو کلپ جاری کر دیئے ہیں۔ 

شیئر: