Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ دکن کرکٹ ٹرافی کیلئے ٹیموں کی قرعہ اندازی

حیدرآباد پریمیئر لیگ سیزن2 میں 16 ٹیمیں حصہ لیں گی ،صحرا میں انٹرنیشنل لیول کی کرکٹ کھیلی جارہی ہے ، عثمان بن محفوظ
 امین انصاری ۔ جدہ
جدہ دکن ٹرافی کے ذمہ داران نے پیپسی حیدرآباد پریمیئر لیگ سیزن 2 کی ٹیموں کی قرعہ اندازی جدہ کے مقامی ہوٹل میں منعقد کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی عثمان بن یسلم بن محفوظ تھے ۔پریمیئر لیگ سیزن 2 کے چیف آرگنائزر اشفاق احمد ( فہیم ) نے مہمانوں اور کھلاڑیوں کا استقبال کیا ۔ انہوں نے ابتدائی کلمات ادا کرتے ہوئے بتایا کہ حیدرآباد پریمیئر لیگ سیزن 2 میں 16 ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر ٹیم گروپ کی ٹیموں سے مقابلے کرے گی اور پھر ہر گروپ سے ٹاپ 4 ٹیموں کا انتخاب کیا جائے گا ۔ ٹورنامنٹ ناک آوٹ بنیاد پر ہوگا ۔ آغاز 16 نومبر سے جبکہ فائنل 25 جنوری 2019ءکو کھیلا جائے گا ۔ اس موقع پر جدہ دکن ٹرافی کے ذمہ داران فصیح الدین ، وزیر، رفیع ، انصاری ، شاہد ، علام نے تمام اسپانسرز ، کمیونٹی ممبرز اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جن کے بھرپور تعاون سے جدہ میں بہترین کرکٹ کھیلنے کے مواقع میسر ہورہے ہیں ۔ مہمان خصوصی عثمان بن یسلم بن محفوظ نے کہا کہ صحرا میں انٹرنیشنل لیول کی کرکٹ دیکھنے کو ملتی ہے تو بڑی مسرت ہوتی ہے ۔ جدہ کے کھلاڑی اپنی تمام تر مصروفیات کے باوجود جنون کی حد تک کرکٹ کو فروغ دینے کیلئے سرگرداں رہتے ہیں۔ یہ ان کی کرکٹ سے والہانہ محبت کا کھلا ثبوت ہے ۔ مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ صرف انڈیا کی جدہ میں ایک سو سے زائد ٹیمیں ہیں ۔جدہ دکن ٹرافی کے ذمہ داران کو انہوں نے مبارکباد دی کہ انہوں نے چنندہ چند ٹیموں کا انتخاب کرکے ان میں ٹورنامنٹ کا انعقاد عمل میں لایا یقینا یہ کرکٹ دیکھنے کے قابل ہوگی۔اس موقع پر کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات میں ابو نائف ، اکبرعبدالہادی، حسین اور اسلم خان بھی موجود تھے ۔ آخر میں مہمانوں کی موجودگی میں ٹیموں کی قرعہ اندازی کی گئی ۔ شاہد نے تمام شرکاءکا شکریہ ادا کیا ۔ 
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ میں "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں
 

شیئر: