Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کپتان جوئے روٹ نے انگلینڈ کو مشکل صورتحال سے نکال لیا

 
پالے کیلے:انگلینڈ نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن اپنی دوسری اننگز میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9وکٹوں کے نقصان پر324رنز بنا تے ہوئے 278رنز کی برتری حاصل کر لی اس کی ایک وکٹ باقی ہے ۔خراب روشنی کی وجہ سے گزشتہ روز کھیل وقت سے قبل ختم کیا گیا تو وکٹ کیپر بین فوکس51اور آخری کھلاڑی جیمز اینڈرسن4رنز پر کھیل رہے تھے۔سری لنکن بولر اکیلا دھننجایا نے6وکٹیں لیں۔ پہلے ٹیسٹ کے دوران ان کا ایکشن رپورٹ ہو چکا ہے تاہم انہیں دوسرا ٹیسٹ کھیلنے سے نہیں روکا گیا تھا۔ انگلینڈ نے تیسرے دن دوسری اننگز شروع کی تو نائٹ واچ مین جیک لیچ صرف ایک رن بنا سکے تاہم4رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد اوپنرروری برنز اور کیٹن جیننگز کے درمیان 73کی شراکت ہوئی ۔تیسرے دن کے کھیل کی خاص بات کپتان جوئے روٹ کی سنچری تھی جنہوں نے میزبان بولرز کو حاوی ہونے سے روکتے ہوئے ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالا۔روٹ نے124رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں2چھکے اور10چوکے شامل تھے۔روری برنز کے 59اور بین فوکس کے ناقابل شکست 51رنز کے علاوہ جوز بٹلر کے 34رنز نے مہمان ٹیم کو مقابلے کے لائق اسکور بنانے میں مدد فراہم کی اور اس کے بولرز اس پوزیشن میں ہیں کہ دوسری اننگز میں سری لنکن بیٹسمینوں کو ہدف تک پہنچنے سے روک سکیں۔ آج کا کھیل واضح کردے گا کہ انگلینڈ سری لنکا کو یہ میچ جیتنے کیلئے کتنا ہدف دے گا۔اسپنر اکیلا دھننجایا نے بہت اچھی بولنگ کی اور106رنز دے کر 6وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے جو ان کے کیریئر کی بہترین بولنگ ہے ۔ 2کھلاڑیوں کو کوشل سلوا اور ایک کو پشپا کمارا نے آوٹ کیا۔ 
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: