Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مولانا سمیع الحق کی قبر کشائی کا فیصلہ

 راولپنڈی: جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کے قتل کی تفتیش کے سلسلے میں پولیس نے مقتول کی قبر کشائی اور لاش کے پوسٹ مارٹم کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مولانا سمیع الحق کے قتل کیس کی تحقیقات میں تازہ پیش رفت یہ سامنے آئی ہے کہ راولپنڈی کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے۔ اس حوالے سے سیشن جج راولپنڈی کو قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کرانے کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے، جو عدالت نے سیشن جج نوشہرہ کو بھیج دی ہے۔ اُدھر سیشن جج نوشہرہ کی جانب سے احکامات ملنے کے بعد متعلقہ مجسٹریٹ نے مولانا سمیع الحق کے لواحقین، مقامی پولیس اور حکام کو نوٹسز جاری کردیے ہیں۔ تفتیشی ٹیم کے سب انسپکٹر جمیل کی قیادت میں پولیس ٹیم اکوڑہ خٹک میں موجود ہے جسے قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے عدالتی کارروائی مکمل ہونے تک وہیں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ 2 نومبر کو راولپنڈی کے علاقے تھانہ ایئرپورٹ میں جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کو ان کے گھر میں قاتلانہ حملے میں شہید کردیا گیا تھا۔
 

شیئر: