Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظبی ٹیسٹ :پاکستانی بولرزکا کمال، جیت کیلئے 139رنز درکار

ابو ظبی.... پاکستان کے تجربہ کار لیگ اسپنر یاسر شاہ اور حسن علی کی جوڑی نے ابو ظبی ٹیسٹ کے تیسرے دن نیوزی لینڈ کی ٹیم کوپہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں 249 رنز پر آئوٹ کردیا۔ دونوں نے 5-5وکٹیں لیں جبکہ پاکستان کو یہ میچ جیتنے کے لیے 176 رنز کا ہدف ملا جس میں سے پاکستان نے کھیل ختم ہونے تک بغیر کسی نقصان کے 37رنز بنا لئے ہیں۔آج پاکستان کو میچ جیتنے کے لئے مزید139رنز کی ضرورت ہے جبکہ نیوزی لینڈ کو کامیابی کیلئے پاکستان کی 10 وکٹیں چاہئیں۔ دونوں صورتوں میں میچ آج ہی ختم ہو جانے کا امکان ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں جاری پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے 56 رنز ایک کھلاڑی کے نقصان پر اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو 86 کے مجموعی اسکور پر کپتان کین ولیمسن37رنز بناتے ہوئے یاسر شاہ کی شاندار لیگ بریک پر بولڈ ہوگئے۔انہوں نے جیت راول کے ساتھ دوسری وکٹ کیلئے 86رنز کا اضافہ کیا ۔اسکور 227 رنز پر پہنچا تو یاسر شاہ نے پہلے واٹلنگ اور پھر نیل ویگنر کو صفر پر آئوٹ کرکے کیوی ٹیم کو یکے بعد دیگرے 2 جھٹکے دیئے۔بی جے واٹلنگ نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین رہے جو 59 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے ۔ اسپنر ایش سوڈھی نے 18 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی کوشش کی لیکن حسن علی نے  پہلے انہیں اور پھرٹرینٹ بولٹ کو کیچ کرا کے 249 کے اسکور پر کیوی اننگز کا خاتمہ کردیا ۔پاکستان کی جانب سے حاصل کی گئی74 رنز کی برتری کے نتیجے میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو یہ میچ جیتنے کیلئے 175رنز کا ہدف دیا۔یاسر شاہ اور حسن علی نے 5،5 وکٹیں لیںاور با لترتیب 110اور 45 رنز دیئے ۔پاکستان کی دوسری اننگز میں امام الحق اور محمد حفیظ نے بیٹنگ شروع کی تو تیسرے دن کے10اوورز باقی تھے اور پہلا چیلنج وکٹیں بچاتے ہوئے یہ اوورز کامیابی سے گزارنا تھا ۔دونوں اوپنرز نے جارحانہ اور محتاط حکمت عملی اپنائی۔ امام الحق نے تیز رفتاری سے کھیلتے ہوئے صرف 23 گیندوں پر 25 رنز  اسکور کیے۔ جبکہ محمد حفیظ ان کا سا تھ دیتے ہوئے 8 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔انہوں نے25گیندوں کا سامنا کیا ۔پاکستان کا اسکور37رنز ہوا تو 2اوورز باقی تھے لیکن امپائرز نے خراب روشنی کے سبب کھیل کے خاتمے کا اعلان کردیا۔کیوی کپتان نے4بولرز استعمال کئے لیکن اس شراکت کو توڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ دونوں ٹیموں کے بیٹسمینوں اور بولرز کے درمیان اصل مقابلہ آج شروع ہوگا جب پاکستانی بیٹنگ لائن 139رنز بنانے اور کیوی بولرز انہیں ہدف تک پہنچنے سے پہلے آئوٹ کرنیکی کوشش کریں گے۔
 
 

شیئر: