Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مستقبل کا روڈ میپ

پیر 19نومبر2018ءکو سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”عکاظ“ کا اداریہ نذر قارئین
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آج 19نومبر 2018ئ پیر کو مجلس شوریٰ کے نئے سیشن سے سالانہ خطاب کرینگے۔ وہ نہ صرف یہ کہ قانون سازی کی بنیادوں کے حوالے سے روڈ میپ مرتسم کرینگے بلکہ 2030کی جہت میں مملکت کے اقتصادی ، ترقیاتی، سماجی اور سیاسی دھاروں کا روڈ میپ بھی پیش کرینگے۔ اسی تناظر میں تمام حلقے شاہ سلمان کے خطاب کے بے چینی سے منتظر ہیں۔ یہ خطاب سعودی عرب کے روشن مستقبل کی تشکیل میں معاون اقدامات کی نشاندہی کریگا۔ خادم حرمین شریفین مملکت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے کارواں کی قیادت کررہے ہیں اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اس کے نفاذ کی نگرانی کررہے ہیں۔
جو شخص حالیہ برسوں کے دوران مملکت کے ترقیاتی عمل پر طائرانہ نظر ڈالے گا اُسے نظر آئیگا کہ مملکت میں ترقیاتی، سیاسی اور سماجی میدانوں میں بے نظیر ہلچل ہے۔ تمام ادارے مصروف عمل ہیں اور مملکت کے تمام علاقے تعمیر و ترقی کے کارواں سے فیض یاب ہورہے ہیں۔ 
خطے کی سیاسی اور امن و امان کی صورتحال غیر مستحکم ہے البتہ سعودی عرب مستقبل کے حوالے سے الحمد للہ اپنے کارواں کی رفتار اور کارکردگی برقرار رکھے ہوئے ہے۔ اپنے تاریخی فرائض سے بھی غافل نہیں۔ عربوں او رمسلمانوں کے تئیں اپنی ذمہ داریاں بھی پوری کررہا ہے۔خادم حرمین شریفین کا آج مجلس شوریٰ سے خطاب تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے جامع منصوبے کی دستاویز ثابت ہوگا۔ اسے بروئے کار لانے کےلئے ہر سعودی اور ہر ادارہ مستعد و چوکس ہوگا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
 
 

شیئر: