Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تشہیری مہم کا مقصد محمد بن سلمان کے ترقیاتی منصوبوں میں رخنہ ڈالنا ہے ، لندن سیمینار

لندن.... ابلاغی اور قانونی امور کے ماہرین نے اس خیال کا متفقہ اظہار کیا ہے کہ سعودی عرب کیخلاف تشہیری مہم منصوبہ بند طریقے سے چلائی گئی۔ برطانیہ میں سعودی میڈیا کلب کے زیر اہتمام لندن سیمینار کے شرکاءنے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ عالمی سطح پر سعودی میڈیا کی آواز غائب رہی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سعودی میڈیا کو امن کے علمبردار اور عالمی اثر و نفوذ رکھنے والے ملک کی نمائندگی شایان شان طریقے سے کرنا چاہئے۔ اس حوالے سے طویل المیعاد عظیم الشان منصوبہ ترتیب دیا جانا ضروری ہے۔ سیمینار کے دوران برطانیہ میں سعودی کلچرل اتاشی ڈاکٹر عبدالعزیز المقوشی نے سیمینار میں شریک شخصیات کے متعدد سوالات کے جواب بھی دیئے۔ انہوں نے پیشکش کی کہ جو سعودی طالبات و طلباء برطانیہ کے منفرد ابلاغی اداروں میں تربیتی کورس اور پروگرام کرنا چاہتے ہوں انہیں مطلوبہ فیس فراہم کی جائے گی۔ سیمینار میں شریک عالمی درجہ کے وکیل عثمان العتیبی نے کہاکہ سعودی عرب کیخلاف پروپیگنڈہ نہ تو پہلی بار ہوا ہے اور نہ ہی آخری بار۔ پروپیگنڈے کا مقصد ولیعہد محمد بن سلمان کی شخصیت کو مجروح کرنا ہے کیونکہ ولیعہد سعودی عرب ، اطراف کے ممالک اور مشرق وسطیٰ کے ممالک کو ترقی یافتہ دنیا کا ہمسر بنانے والے عظیم الشان ترقیاتی منصوبے پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ نفرت انگیز چینلز نے سعودی عرب کیخلاف دروغ بیانیوں اور افترا پردازیوں کی حد کردی۔ انہوں نے بانی مملکت تک کو نہیں بخشا۔ ابلاغی ضابطہ اخلاق کو پس پشت ڈال دیا۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ دشمنوں کو یہ بات ہضم نہیں ہورہی کہ سعودی عرب ترقی کرے اور اس کے قائدین خلیجی نیز عرب اور مسلم ممالک کی قیادت کریں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک کے اخبارات اور ایجنسیاں مخصوص ایجنڈہ رکھنے والے رپورٹروں سے خبریں حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت اور انصاف کی بابت مغربی دنیا کے نعرے بعض مسائل تک محدود ہیں۔ انتہائی اہم مسائل کو نظرانداز کرنا ان کا وتیرہ ہے۔ سیمینار کی نظامت پی ایچ ڈی اسکالر مالک معیض نے کی۔ 
 

شیئر: