Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت محنت وسماجی فروغ، بنیادی لائحہ عمل کیا ہے؟

ارسلان ہاشمی۔ جدہ
 
مملکت میں وزارت محنت و سماجی فروغ کا قیام 1380 ھ شاہی فرمان کے ذریعہ عمل میں آیا ۔ وزارت محنت کے قیام کے اہم مقاصد میں مملکت میں صحت مند معاشرتی ماحول کا فروغ اور روزگا ر سے متعلق قوانین کو مرتب کرکے ان پر عمل درآمد کرانے کے علاوہ بیرون ملک اور اندرون مملکت موجود افرادی قوت کے معاملات کی نگرانی شامل تھی۔ 
وزارت محنت و سماجی بہبود کے بنیادی لائحہ عمل میں 3  نکات پر فوکس کیا گیا ہے جن میں سب سے پہلا نکتہ  مملکت میں معاشرتی امور اور کارکنوں کے معاملات کو متوازن رکھنے کیلئے بنیادی نظریات کے مطابق قانون سازی کرنا۔ 
دوسرا نکتہ  ترقیاتی کاموں کی منصوبہ بندی  اور ان پر عمل درآمد کرواناتاکہ سعودی عرب میں ترقیاتی امور بہتر انداز میں مکمل کئے جاسکیں ۔ 
تیسرا ہدف جو وزارت محنت کے بنیادی لائحہ عمل میں درج کیا گیا وہ بہترین معاشرے کی تشکیل اور سماجی بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے لوگوں کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے اہم اقدامات کا ہے ۔
1425  ہجری میں کابینہ نے فیصلہ کیا کہ وزارت محنت و سماجی بہبود کو جدا کردیا جائے جس کے بعد وزارت محنت اور سماجی بہبود  کو2 وزارتوں میں تقسیم کر دیا گیا ۔ 
ربیع الثانی 1436 ہجری  میں شاہی قانون صادر ہوا جس میں وزارت محنت و سماجی بہبود کو دوبارہ یکجا کر دیا گیا۔ اس قانون کے مطابق وزارت محنت و سماجی بہبود کی وزارت کو وسیع پلیٹ فارم پر یکجا کیا گیا جس کے تحت مملکت میں قانون محنت میں مزید بہتری لانے اور ان پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے علاوہ معاشرے کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا شامل ہے ۔ 
وزارت محنت و سماجی بہبود کی تشکیل نو کے بعد چند اہداف مقرر کئے گئے ہیں تاکہ بہترین خدمات مہیا کی جاسکیں ۔ مقررہ اہداف مملکت کے وژن 2030 کو مدنظر رکھتے ہوئے مقرر کئے گئے ہیں جن میں سب سے پہلا ہدف خدمات کے معیار کو بلند کرنا ، بہترین  ورکنگ ریلیشن شپ پیدا کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا کر ماحول کو ساز گار رکھنا ، مقامی شہریوں کو انکی قابلیت کے مطابق روزگار فراہم کرنا ، سعودائزیشن کے مقررہ اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کرنا ،رضاکارانہ کام کرنے کیلئے پلیٹ فارم مہیا کرنا ، مارکیٹ کے تقاضوں کو ضرورتوں کے مطابق مقامی شہریوںکے لئے روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنا اور انہیں عملی و فنی تربیت فراہم کرنا ، معاشرے کی فلاح وبہبود کیلئے کام کرتے ہوئے مسائل کا بہترین حل تلاش کرنا شامل ہے ۔ 
 

شیئر: