Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جی20کامیاب رہی محمد بن سلمان

نواکشوط .... سعودی ولی عہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ جی 20 سے مثبت نتائج برآمد ہوئے اور ہر لحاظ سے کامیاب رہی۔ اسکے فیصلے جی 20 میں شامل ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے اور عالمی اقتصاد کی شرح نمو کے فروغ میں معاون ثابت ہونگے۔ انہوں نے ان تاثرات کا اظہار جی 20میں شرکت کے بعدبیونس آئرس سے نواکشوط کیلئے روانہ ہوتے وقت ارجنٹائن کے صدر کے نام شکریہ کے پیغام میں کیا۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے ارجنٹائن کے دوست عوام کیلئے مسلسل ترقی اور خوشحالی کی نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ ولی عہد اتوار کو ماریطانیہ کے مختصر دورے پر نواکشوط پہنچے۔ جہاں انکا صدر نے شاندار استقبال کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے وفود کی موجودگی میں مذاکرات کئے۔ دو طرفہ تعلقات ، انہیں فروغ دینے کے طریقوں اور خطے کے حالات حاضرہ پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماﺅں کی موجودگی میں سعودی عرب اور ماریطانیہ کے درمیان 3معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ وزیر اطلاعات ڈاکٹر عواد العواد نے بتایا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی ہدایت پر نواکشوط میں 300بستروں پر مشتمل کنگ سلمان اسپتال قائم کرایا جائیگا۔ علاوہ ازیں وہاں شاہ فیصل مسجد کی اصلاح و مرمت بھی سعودی عرب کے خرچ پر کی جائیگی۔سعودی عرب کو جی 20 میں سہ ملکی کمیٹی ٹریویکا کا رکن منتخب کرلیا گیا۔اس کی سربراہی جی 20کے موجودہ سربراہ کی حیثیت سے جاپان کررہا ہے جبکہ سابق سربراہ کے طور پر ارجنٹائن اور 2020ءکے سربراہ کے طور پر سعودی عرب کو رکنیت دی گئی ہے۔ اسکا مقصد جی 20کے ایجنڈے پر عمل درآمد میں مسلسل تعاون کرتے رہنا ہے۔ سعودی عرب 2020ءمیں جی ٹوئنٹی کی میزبانی کریگا اس نے اس کے لئے ابھی سے ریاض میں جی 20 سیکریٹریٹ قائم کردیا ہے۔ بعدازاں ولی عہد ماریطانیہ سے 2روزہ دورے پر الجزائرپہنچ گئے۔
 

شیئر: