Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمنی حکومت اور حوثی صنعاء ہوائی اڈہ داخلی پروازوں کیلئے کھولنے پر متفق

صنعا۔۔۔یمنی حکومت  اور ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغی صنعاء   ہوائی اڈہ   داخلی پروازوں کیلئے کھولنے پر متفق ہو گئے۔  یمنی حکومت کے  وفد نے جمعرات کو   یہ  اطلاع دیتے ہوئے  بتایا کہ  یہ فیصلہ  عوام کی مشکل  آسان کرنے کیلئے کیاگیاہے۔   وفد کا یہ بھی کہنا ہے کہ حوثی  اقوام متحدہ کی سرپرستی میں  سویڈن میں ہونے والے  مشاورتی  اجلاس میں رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں انہوں نے  اپنے وفد کے ارکان کی  تعداد بڑھا دی ہے۔  اقوام متحدہ  کے ایلچی برائے یمن نے  اس حوالے سے جو  طریقہ کار مقرر کیاتھا۔   انہوں نے اس کی پابندی نہیں کی۔  اقوام متحدہ کے ایلچی  الحدیدہ شہر  میں جنگ بندی کے سمجھوتے کو یقینی بنانے،  قیدیوں کے تبادلے  اور  صنعاء  ہوائی اڈہ  کھلوانے  کے معاہدے کیلئے کوشاں ہیں۔  اس کے نتیجے میں    وسیع البنیاد  جنگ بندی، حوثیوں کے ٹھکانوں پر  عرب اتحاد کے  فضائی حملوں اور  حوثیوں کے  میزائل حملوں کی بندش  بھی ہوسکتی ہے۔    دریں اثناء  یمن میں  سعودی  سفیر  محمد آل جابر نے کہا ہے کہ  حوثی  الحدیدہ  بندرگاہ  حوالے کریں گے۔  یمن ایک بار پھر  عرب ملک کی حیثیت سے  اپنا تشخص بحال کرلے گا۔  یمن میں  ایران اور اس کی  ملیشیاؤں کیلئے کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔ انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے اکاؤنٹ میں تحریر کیا کہ  ایران  اور  اس کے  حوثی حامی  یمن  اور باب المندب پر  قبضہ کرنے میں  ناکام ہوچکے ہیں۔  انہیں  الحدیدہ  بندرگاہ  مجبوراً  حوالے کرنا ہوگی۔  بحراحمر  پر  ایرانی ملیشیا کی گرفت ختم ہوجائے گی۔  یمن  میں   امن و استحکام بحال ہوگا۔  یمن میں ایران کیلئے کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ 

شیئر: