Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہاکی ورلڈ کپ: ہالینڈ سے شکست کے باوجود پاکستان کی امید باقی

  بھوبنیشور: ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان گروپ کے اپنے آخری میچ میں ہالینڈ سے 1-5 سے ہار گیا۔ورلڈ کپ کے گروپ میچوں کا آخری معرکہ تھا۔ ڈچ ٹیم نے گروپ کے 3میچز کھیلنے کے بعد 6 پوائنٹس حاصل کرلئے ہیں جبکہ گرین شرٹس کا صرف ایک پوائنٹ ہے۔ ایونٹ میں ملائیشیا بھی ایک پوائنٹ لیکر پاکستان کے برابر ہے لیکن گول اوسط پاکستان کا بہتر ہے۔ پاکستان اور ہالینڈ کے درمیان میچ سے قبل ملائیشیا اور جرمنی کی ٹیمیں بھی مد مقابل ہوئیں جس میں جرمنی نے ملائیشیا کو3-5 سے شکست دے دی۔ اس میچ کے بعد جرمنی نے گروپ ڈی میں 9 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ کیا اور براہ راست کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی جبکہ ملائیشیا ایونٹ سے باہر ہو گیا۔ ورلڈ کپ میں شامل 16 ٹیموں کو 4 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ میچوں کے اختتام پر ہر گروپ کی ٹاپ ٹیم براہ راست کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ہے جس میںگروپ اے سے 6 پوائنٹس حاصل کر کے ارجنٹائن ،گروپ بی سے 9پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیا ، گروپ سی سے 7پوائنٹس کے ساتھ ہند اور گروپ ڈی سے 9پوائنٹس کے ساتھ جرمنی نے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ گروپ میچوں میں دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو کوارٹر فائنل تک پہنچنے کیلئے ایک، ایک میچ مزید کھیلنا ہوگا۔ گروپ سی میں 7پوائنٹس لے کر دوسرے نمبر پر آنے والی بیلجیئم کی ٹیم 11دسمبر کو پاکستان سے مقابلہ کرے گی۔ پاکستان کو کوارٹر فائنل تک پہنچنے کیلئے بیلجیئم جیسے سخت حریف کو شکست دینی ہوگی۔ ہاکی ورلڈ کپ کیلئے ترتیب دئیے گئے پول ڈی میں پاکستان کو پہلے میچ میں جرمنی کے خلاف 0-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد ملائیشیا کے خلاف کھیلا گیا دوسرا میچ 1-1 گول سے برابر رہا۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: