Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی حج کوٹہ میں 5 ہزار کا اضافہ

ابتدائی طور پر صوبہ سندھ کے 35 ہزار حجاج استفادہ کریں گے، ای حج ویزہ جاری کیا جائیگا، زیادہ سہولتیں دی جائیں گی، نور الحق قادری
مکہ مکرمہ (محمد عامل عثمانی ) پاکستانی حج مشن کے ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے مکہ مکرمہ میں مصروف دن گزارا۔ دفتر امور حجاج پاکستان، مکہ مکرمہ آمد پر ڈائریکٹر جنرل حج ڈاکٹر ساجد یوسفانی نے حج 2019 ءکے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ حجاج کیلئے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رہائش،کھانے اور سفر کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کئی امور پر غور کیا گیا۔ بعد ازاں وفاقی وزیر پیر نور الحق قادری، سیکریٹری مذہبی امور میاں محمد مشتاق اور سینیئر جوائنٹ سیکریٹری حج زینت حسین بنگش کو حج مشن کے اسپتال، کیٹرنگ کمپنیوں کے کچن، انٹر سٹی اور حرم بس ٹرانسپورٹ کمپنی اور رہائشی عمارتوں کا دورہ کرایا گیا۔ وفاقی وزیر و سیکریٹری مذہبی امور نے وہاں موجود سہولیات کے اعلیٰ معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ حج معاہدہ 2019 پر پاکستان اور سعودی وزراءنے دستخط کر دیئے ہیں ۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ معاہدے کے مطابق پاکستان کے حج کوٹہ میں 5 ہزار افراد کا اضافہ ہوا۔ پاکستان سے آئندہ سال ایک لاکھ 84 ہزار 210 افراد حج ادا کر سکیں گے ۔ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں پاکستانی حجاج کو مرحلہ وار شامل کرنے کا فیصلہ ہوگیا۔ ابتدائی طور پر صوبہ سندھ کے 35 ہزار حجاج مستفید ہونگے ۔ منصوبے کے تحت حاجیوں کی تصدیق و امیگریشن کا عمل کراچی ایئرپورٹ پر ہو گا ۔معاہدے کی رو سے پاکستانی حجاج کو ای ویزہ دیا جائے گا۔ زیادہ تر پاکستانی حجاج کو اولڈ منی میں ٹھہرانے کی کوشش کی جائے گی۔ 2 ہزار ریال فیس کے خاتمے کا فیصلہ خادم حرمین شریفین سے مشاورت کے بعد ہو گا۔ سعودی حکام نئی مردم شماری کے مطابق حج کوٹہ میں اضافے پر غور کیا جائے گا۔ سعودی حکام نئی مردم شماری کے مطابق حج کوٹہ میں اضافہ پر غور کریں گے۔

شیئر: