Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہاکی ورلڈ کپ: انگلینڈ اور فرانس کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

بھوبنیشور:ہاکی ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ اور فرانس نے چین کو شکست دے کر ٹورنامنٹ سے آوٹ کر دیا، اس کے ساتھ ہی انگلینڈ اور فرانس نے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ ہندکے شہر بھوبنیشور میں کھیلے جانیوالے 14ویں عالمی کپ کے ناک آوٹ مرحلے کا آغاز ہو گیا اور انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو ایونٹ سے باہر کردیا۔انگلینڈ کی ٹیم میچ میں ابتدا ءسے ہی حاوی رہی لیکن پہلے کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی البتہ میچ کے 25ویں منٹ میں ول کلنان نے فیلڈ گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ میچ کے تیسرے کوارٹر کے اختتام سے قبل انگلینڈ کی ٹیم کو پینالٹی کارنر ملا جس پر لیوک ٹیلر نے اور گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو دگنا کردیا۔ انگلینڈ کی یہ برتری میچ کے اختتام تک برقرار رہی اور انگلینڈ نے میچ میں 0-2 سے کامیابی حاصل کر کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی جہاں اس کا مقابلہ ارجنٹائن سے ہو گا۔ دوسرے میچ میں فرانس نے چین کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 0-1 سے شکست دے کر اگلے راونڈ میں جگہ بنا لی۔ میچ کے پہلے اور دوسرے کوارٹر میں چین اور فرانس کی ٹیموں کو گول کرنے کے کئی مواقع ملے لیکن دونوں ہی ٹیمیں کوئی گول اسکور نہ کر سکیں تاہم میچ کے 36ویں منٹ میں فرانس کے ٹموتھی کلیمنٹ نے گول اسکور کر کے میچ میں برتری حاصل کر لی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ میچ میں فتح کے ساتھ ہی فرانس کی ٹیم نے کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا جہاں اس کا مقابلہ ورلڈ چیمپیئن آسٹریلیا سے ہو گا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: