Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عوامی اتحاد

زبیر پٹیل۔ جدہ
گزشتہ دنوں وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے ایک اچھی بات کہی، جو قابل تعریف ہے۔ ان کا کہناتھا کہ سینیٹ ، قومی اور صوبائی سمبلی کے اراکین کو ٹول ٹیکس کی ادائیگی کا پابند بنایا جائے۔اس سے قبل ماضی میں وزراءخود کو ہر قسم کے ٹیکسز اور قوانین سے بالا سمجھتے تھے اور وہ اس حوالے سے کچھ بھی کرنے کا اختیار رکھتے تھے اور انکے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی تھی۔ اگر وزراءعوام کے سامنے ٹیکس دینے والی مثال بنیں گے تو عوام میں بھی یہ جذبہ شدت پکڑے گا۔ 
عوام میں جذبے اور اتحاد کے حوالے سے اس وقت بہترین مثال فرانس کی پیش کی جاسکتی ہے جہاں حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس میں اضافہ کیا تو عوام سڑکوں پر آگئے اورانہوں نے حکومت کو فیصلہ واپس لینے پر مجبور کردیاگو کہ یہ کام اتنا آسان نہ تھا مگر ”عوامی اتحاد“ نے حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا جس کے بعد فیصلہ واپس لیا گیا۔ جس طرز کا رہن سہن اور اخراجات ہمارے یہاں کے وزراءکرتے ہیں اس کے مقابلے میں یورپ اور امریکی ممالک کے وزراءکو ہم ”انتہائی سادہ“ کہیں گے کیونکہ وہاں دکھاوے کی فضا نہیں۔ اسکے برعکس ہمارے وزراءشان و شوکت دکھانے میں ترقی یافتہ ممالک سے بھی بڑھ کر ہیں۔چاہے وہ ادھار کی ہی کیوں نہ ہو۔ 
فرانس کے واقعہ سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ عوام اگر متحد ہوں تو وہ طاقت بن جاتے ہیں اور فیصلہ کرنے کی قوت بھی رکھتے ہیں۔ اگر منتشر رہیں تو اُس گیلی لکڑی کی طرح ہوتے ہیں جسے ہر کوئی توڑ سکتا ہے۔اسی لئے کہا گیا ہے کہ متحد رہنے میں بڑے فوائد ہیں۔
٭٭٭٭٭٭

شیئر:

متعلقہ خبریں