Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

واٹ رجسٹریشن کا تیسرا مرحلہ ، 20 دسمبر ڈیڈ لائن

ریاض۔۔۔ قومی کمیٹی برائے زکوة و آمدن نے کہا ہے کہ ”واٹ“رجسٹریشن کے تیسرے مرحلے کا آغاز 20 دسمبر سے کیاجارہا ہے ۔ وہ ادارے جن کی سالانہ آمدنی 3 لاکھ 75 ہزار ریال تک ہے انہیں ایک برس کا وقت دیا گیا تھا جو 20 دسمبر کو مکمل ہو جائے گا ۔ سبق نیوز نے ادارہ انکم ٹیکس کے حوالے سے کہا ہے کہ کمیٹی کی جانب سے ان تمام اداروں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ مقررہ مدت کے بعد ادارے کی ٹیمیں تفتیش شروع کر دیں گی جن اداروں نے ٹیکس رجسٹریشن نہیں کروائی ہو گی ان پر قانون کے مطابق جرمانے عائد کئے جائیں گے ۔ کمیٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں تفتیشی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو 21 دسمبر 2018 سے کارروائی شروع کر دیں گی ۔ قومی کمیٹی برائے زکوة و آمدن کی جانب سے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی وصولی ، اندراج اور ٹیکس کو ادارے میں جمع کرانے کے تمام قواعد و ضوابط کمیٹی کی ویب سائٹ پر موجود ہیں جبکہ اس بارے میں وضاحت بھی کی جاچکی ہے ۔ وہ ادارے جن کی ڈیڈ لائن 20 دسمبر کو ختم ہو رہی ہے انہیں چاہئے کہ وہ فوری طور پر رجسٹریشن کرلیں تاکہ جرمانوں سے بچ سکیں ۔قومی کمیٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیشی ٹیموںنے ویلیوایڈڈ ٹیکس کے حوالے سے مختلف شہروں میں 150 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔ قانون کے مطابق جو خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں ان میں ویلیوایڈڈ ٹیکس رجسٹریشن کے بغیر صارفین سے ٹیکس کی وصولی ، مقررہ 5فیصد ٹیکس سے زائد وصول کرنے کے علاوہ ٹیکس وصولی کا ریکارڈ نہ رکھنا شامل تھیں۔ تفتیشی کمیٹی نے خلاف ورزیاں ثابت ہونے پر جرمانے عائد کئے ۔ ذرائع کا کہنا تھا وہ ادارے جن کی سالانہ آمدنی 3 لاکھ 75 ہزار ریال ہے انہیں چاہئے کہ وہ مقررہ ڈیڈ لائن سے قبل ادارے میں رجسٹر کروالیں تاکہ جرمانے سے بچاجاسکے ۔ ادارے کی ویب سائٹ www.vat.gov.sa ہے جس پر لاگ ان کرکے تمام تفصیلات حاصل کی جاسکتی ہیں ۔ واضح رہے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے حوالے سے قومی کمیٹی برائے زکوة و آمدن کی جانب سے مملکت میں کام کرنے والے اداروں کو مرحلہ وار ٹیکس رجسٹریشن کےلئے مرحلہ وار پروگرام جاری کیا تھا جس کے تیسرے مرحلے کا آغاز 20 دسمبر 2018 کو کیا جارہا ہے ۔ سالانہ کم آمدنی والے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی آمدنی کے گوشوارے ادارے میں رضاکارانہ طور پر جمع کروائیں تاکہ ان کی آمدنی کے حساب سے انہیں مقررہ قواعد کے مطابق رعایت دی جا سکے ۔ ایسے ادارے جو " واٹ " سسٹم میں رجسٹر ڈ نہیں ہیں اور وہ صارفین سے 5فیصد واٹ وصول کرتے ہیں ان پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیاجاتا ہے ۔ قوانین کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے منظور شدہ ادویات ، طبی آلات ٹیکس سے مستثنیٰ ہونگے ، معذوروں کے زیر استعمال رہنے والی اشیاء جن میں ویل چیئر ز وغیر ہ شامل ہیں پر ٹیکس نہیں لیا جائے گا ۔ ڈیجیٹل ویب سائٹ پر دیئے جانے والے تجارتی اشتہارات ، ٹیلی کمیونیکیشن خدمات اور انٹر نیٹ سروسز پر بھی 5 فیصد واٹ عائد کیا جاتا ہے ۔ 

شیئر: