Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا کرکٹ کپ 2020ءکی میزبانی پاکستان کو مل گئی

کوالالمپور: ایشین کرکٹ کونسل نے 2020 ءکے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی پاکستان کرکٹ بورڈ کو دے دی۔ پاکستان کو ٹورنامنٹ کی میزبانی دینے کا فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ہوا البتہ میچز کہاں کہاں ہوں گے اس کا فیصلہ ایونٹ سے کچھ عرصہ پہلے کیا جائے گا۔ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ستمبر 2020ء میں منعقد کیا جائے گا اور اس بار ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر کھیلا جائے گا۔ ایشیا کپ میں پاکستان، ہند ، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں شرکت کرتی ہیں اور ایک ٹورنامنٹ 50 اوور اور اگلا 20 اوورز کے فارمیٹ کے تحت کھیلا جاتا ہے۔رواں برس ستمبر میں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 50 اوورز کے فارمیٹ کے تحت متحدہ عرب امارات میں کھیلا گیا تھا جس میں ہندنے کامیابی حاصل کی تھی۔ وہ ٹورنامنٹ پہلے ہند میں ہونا تھا تاہم ہندنے ایک بار پھر روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی وجہ سے ایشیا کرکٹ کپ کی میزبانی سے انکار کردیا تھا۔ اس کے بعد اپریل 2018ء میں پاکستان نے ہند میں جا کر کھیلنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد ایشیا کپ کی ہند کی میزبانی میں میزبانی متحدہ عرب امارات میں کھیلا گیا تھا۔ ملائیشیا میں ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل کے سالانہ اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا موقف تھا کہ جب ہند پاکستان کا دورہ نہیں کرتا تو پاکستانی ٹیم بھی ہند جاکر نہیں کھیلے گی ۔کونسل نے پاکستان کے موقف کو تسلیم کرتے ہوئے ایشیا کپ ٹورنامنٹ کا مقام تبدیل کر دیا تھا ۔ اگر پاکستان اور ہند کے درمیان معاملات بہتر نہیں ہوتے اور ہندبھی 2020 ءمیں پاکستان آکر ٹورنامنٹ کھیلنے سے انکار کرتا ہے تو پاکستان میں ایشیا کپ کا انعقاد کھٹائی میں پڑ سکتا ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: