Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حنیف عباسی کا بیٹی سے متعلق اظہار بے بسی

راولپنڈی: جیل میں قید ن لیگ کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے اپنی بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس وقت ایک ایسے انسان ہیں جو اپنی بیٹی کی مدد کے لیے کچھ نہیں کر سکتے۔ ذرائع کے مطابق حنیف عباسی کی بیٹی اریبہ عباسی سے متعلق تنازع پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ قیدی ہونے کے باوجود سیاسی مخالفت کے باعث ان کی بیٹی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیسا نیا پاکستان ہے جس میں مخالفین کے ساتھ ایسا انتقامی سلوک ہو۔ حنیف عباسی نے کہا کہ دنیا میں ایسی بیٹیاں بھی ہیں جن کے سروں پر باپ کا سایہ نہیں۔ میں اپنا اور اپنی بیٹی کا معاملہ اللہ کے سپرد کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی صاحبزادی مستعفی ہو چکی ہیں تاہم اب وہ کسی انکوائری کمیٹی میں پیش نہیں ہوں گی۔ واضح رہے کہ حنیف عباسی کی بیٹی ڈاکٹر اریبہ عباسی بے نظیر اسپتال راولپنڈی میں ڈاکٹر تھیں۔ مبینہ طور پر اسپتال کے ایم ایس طارق نیازی نے انہیں سیاسی طور پر تنگ کیا اور کہا کہ حنیف عباسی نے میرے ساتھ بہت برا سلوک کیا ہوا ہے میں اس کی بیٹی کو رہنے نہیں دوں گا۔ جبکہ ڈاکٹر اریبہ نے پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر قانون راجا بشارت کو شکایت کی تو راجا بشارت نے ایم ایس طارق نیازی کو فون کرکے کہا کہ اریبہ کا دوسرے وارڈ میں تبادلہ کیا جائے۔ جس پر ایم ایس نے انکار کیا، جس پر راجا بشارت نے خبردار کیا کہ وہ ایم ایس طارق نیازی کا تبادلہ کردیں گے۔ بعد ازاں طارق نیازی نے یہ گفتگو ریکارڈ کرکے میڈیا پر لیک کردی اور ڈاکٹر اریبہ نے اس معاملے پر استعفا دے دیا ہے ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق انہوں نے الزام لگایا کہ طارق نیازی نے وزیر قانون سے ہونے والی گفتگو کی ریکارڈنگ کو ایڈٹ کرکے جاری کیا۔
 
 

شیئر: