Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض : کینسر زدہ بچوں کی فلاح و بہبود کےلئے دستکاری نمائش

ریاض۔۔وزیر تجارت و سرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد القصبی نے سرطان زدہ بچوں کی مدد کےلئے فلاحی مقاصد کے تحت قائم کی جانےوالی نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر فلاحی انجمن کی چیئر پرسن شہزادی عادلہ بنت عبداللہ بن عبدالعزیز بھی موجود تھیں ۔ نمائش ” موسم سرما 2018 کی دکانیں “کے عنوان سے قائم کی گئی ہے جس میں 130 اسٹالز لگائے گئے ہیں ۔ وزیر تجارت تمام اسٹالز پر گئے اور وہاں موجود اہلکاروں سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر انہوں نےسعودی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نمائش جو کہ فلاحی مقاصد کےلئے قائم کی گئی ہے اس میں سعودی خواتین کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا بہترین موقع میسرآئے گا ۔ نمائش جن مقاصد کےلئے قائم کی گئی ہے وہ فلاحی ہے اس سے نمائش کی اہمیت میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے ۔ انہو ں نے مزید کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں جاری رہنا چاہئیں تاکہ دیگر لوگوں کو بھی اس سے حوصلہ ملے ۔ وزیر تجارت نے انتظامیہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے انکے مقاصد میں کامیابی کی دعا کی ۔ دوسری جانب شہزادہ عادلہ بنت عبداللہ بن عبدالعزیز نے کہا کہ اس فلاحی نمائش کا مقصد سعودی خواتین کی دستکاری میں مہارت کو اجاگر کرنابھی ہے ۔ نمائش کا دوسرا مقصد ماہر دستکار خواتین کا تعارف اور اس میدان میں نئی آنے والی خواتین کو ترغیب دلانے کے علاوہ انہیں ایک دوسرے سے متعارف کروانا بھی ہے ۔ نمائش نئی خواتین اور دستکاری کی ماہرین کے مابین پل کا بھی کام کرے گی ۔ شہزادی عادلہ نے مزید کہا کہ تجارتی کاموں سے فلاحی راستوں کی راہ بنتی ہے اور ہماری فلاحی تنظیم جوکہ کینسر جیسے موذی مرض سے لڑنے کےلئے قائم کی گئی ہے کا بنیادی مقصد اس مرض میں مبتلا بچوں کو زندگی سے آشنا کروانا اور انکے مسائل کو کم کرنا ہے ۔ اس کے علاوہ ہم ان بچوں کے والدین کی معاشی پریشانیوں کو کم کرنے کےلئے اس طرح کی تجارتی سرگرمیوں کے ذریعے انکی ماہانہ آمدنی میں بھی اضافے کے لئے کوشاں ہیں ۔ واضح رہے نمائش میں مقامی خواتین کی جانب سے تیار کردہ دست کاری کی اشیاء، زیورات اور گھریلو سجاوٹ کی اشیاءرکھی گئی ہیں ۔

شیئر: