Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات اور سعودیہ نے کسی شرط کے بغیر مدد کی،عمران

 لاہور ... وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کو اپنے پاوں پر کھڑا ہوتا دیکھنا چاہتا ہوں۔ صنعتوں کیلئے سازگار ماحول پیدا کریں گے۔گیس اور بجلی سستی دیں گے۔ امداد کے بدلے کسی کی جنگ نہیں لڑیں گے۔ پاکستان امن کا داعی ہے۔ امن کیلئے جہاں ممکن ہوا ثالثی کا کردار ادا کرے گا۔ لاہور میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جو جائز پیسہ کمائے اسے غلط نہ سمجھا جائے ۔ تاجر برادری کو یقین دلاتا ہوں کہ صنعتوں کو ساز گار ماحول دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر گورننس سسٹم ٹھیک ہوجائے تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کو خوددار دیکھنا چاہتا ہوں۔ جب آپ امداد یا قرضہ لیتے ہیں تو اپنی خودمختاری کھو بیٹھتے ہیں۔کرنٹ اکاونٹ خسارے کے باعث دوست ممالک سے رابطہ کیا۔سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے کسی شرط کے بغیر ہماری مدد کی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان مشکل وقت سے نکل گیا ۔یقین دلاتا ہوں کہ ہم مل کر کام کریں گے۔ دریں اثناء حکومت کی 100 روزہ کارکردگی کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جو کمیٹی پارلیمنٹ میں احتساب کرتی ہے شہباز شریف کوا س کا چیئرمین بنا دیا گیا ۔ جس پر دنیا میں ہماری جمہوریت کا مذاق اڑ رہا ہے۔ایک طرف اپوزیشن جماعتیں پارلیمنٹ کو مقدس کہتی ہیں لیکن دوسری طرف کرپٹ لوگوں کو پارٹی سربراہ بنا کر پارلیمان کی توہین کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تمام باتیں ماننے کو تیار ہیں لیکن احتساب سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔یہ نہیں ہوسکتا کہ ہم احتساب سے پیچھے ہٹ جائیں۔ نئی نسل کا مستقبل کرپشن فری پاکستان سے جڑا ہے۔

شیئر: