Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹرینٹ بولٹ کی کیرئیر کی بہترین بولنگ، کیویز ٹیسٹ سیریز جیتنے کے قریب

کرائسٹ چرچ:کیوی بولرز نے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن سری لنکن ٹیم کو 104رنز پر آوٹ کردیا اور کھیل ختم ہونے تک میزبان نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں 231رنز بنا کر 305رنز کی برتری حاصل کرلی اور اس کی8وکٹیں ابھی باقی ہیں۔ سری لنکن بیٹنگ لائن کی تباہی میں ٹرینٹ بولٹ نے بنیادی کردار ادا کیا ۔بولٹ نے کیریئر کی بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 30رنز دے کرسری لنکا کی6وکٹیں لینے میں کامیاب رہے ۔سری لنکا نے کھیل کے دوسرے دن 88رنز 4کھلاڑی آوٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی اور اینجلو میتھیوز 27جبکہ روشن سلوا15رنز پر کھیلنے آئے۔توقع تھی کہ دونوں بیٹسمین پہلے دن کی طرح مزاحمت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن بہتر بنانے میں کامیاب رہیں گے لیکن تمام اندازے غلط ثابت ہوگئے اور مہمان ٹیم صرف9اوورز اور45منٹ کے کھیل میں 16رنز کا اضافہ کرتے ہوئے 104رنز پرآوٹ ہو گئی۔ اینجلو میتھیوز حسب سابق ایک اینڈ سنبھالے رہے ۔ روشن سلوا 21کے انفرادی اسکور پر ٹرینٹ بولٹ کا پہلا شکار بنے جس کے بعد بولٹ نے وکٹ کیپر نیروشان ڈکویلا کو 4رنز پر آوٹ کیا ۔ اگلے چاروں بیٹسمین دلرووان پریرا، سورنگا لکمل، دشمنتھا چمیرا اور لاہیرو کمارا بغیر کوئی رن بنائے بولٹ کی گیندوں پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہو گئے اور سری لنکا کی پہلی اننگز 41اوورز میں104رنز پر سمٹ گئی جبکہ نیوزی لینڈ نے 74رنز کی برتری حاصل کرلی ۔اینجلو میتھیوز 33رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے ۔ ٹم ساوتھی 4وکٹوں کے ساتھ دوسرے کامیاب کیوی بولر رہے جنہیں یہ4وکٹیں میچ کے پہلے دن ملی تھیں۔نیوزی لینڈ نے برتری کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کیا اور اوپنرز 121 رنز کی شراکت قائم کرنے میں کامیاب رہے ۔ جیت راول کو 74رنز پر پریرا نے آﺅٹ کیا تاہم ان کے بعد کپتان کین ولیمسن نے لیتھم کے ساتھ 68رنز کی شراکت کے ذریعے اسکور کو189رنز تک پہنچا دیا ۔ وہ 48رنز پر آوٹ ہو گئے ۔ لیتھم اور روس ٹیلر با لترتیب 74 اور25رنز پر ناٹ آوٹ تھے کہ دوسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا ۔ نیوزی لینڈ نے 231رنز بناتے ہوئے 305رنز کی مجموی برتری حاصل کرلی ہے۔سری لنکا کی جانب سے دلرووان پریرا اور لاہیرو کمارا نے ایک، ایک وکٹ لی ۔سیریز میں ایک صفر کی برتری کے ساتھ میزبان ٹیم اب سیریز اپنے نام کرنے کی پوزیشن میں نظر آرہی ہے ۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تبصرے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: