Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

3تصاویر کے بغیر خلاف ورزی کا دعویٰ مسترد

بریدہ ۔۔۔ محکمہ ٹریفک نے اعلان کیا ہے کہ گاڑی کی 3تصاویر کے بغیرخلاف ورزی کا دعویٰ قابل قبول نہیں ہوگا۔ محکمہ ٹریفک قصیم نے یہ اعلان ”باشر “ سسٹم کے ذریعے ریکارڈ کی جانے والی خلاف ورزیوں پر مقامی شہریوں کی جانب سے اعتراضات اور شکایات کی بھرمار کے بعد کیا ہے۔ یہ اطلاع مملکت کے تمام علاقوں میں ٹریفک کے اداروںکو تحریری طور پر دیدی گئی ہے۔ ٹریفک اہلکاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی گاڑی کا چالان کرنے سے قبل اسے روکیں اور مختلف زاویوںسے اسکی 3تصاویر لیں۔ گاڑی کے کاغذات کی فوٹو کاپی لیں ۔ اس کے بغیر خلاف ورزی کا دعویٰ قابل قبول نہیں ہوگا ۔ محکمہ ٹریفک نہیں چاہتا کہ ایک شکایت نمٹانے کیلئے بہت ساری شکایات کا اسے سامنا کرنا پڑے۔ محکمہ ٹریفک نے فیلڈ اہلکاروں اور گشتی دستوں میں شامل کارکنان کو تنبیہ کی ہے کہ اگر کوئی ٹریفک اہلکار گاڑی کے شیشوں کو کالا پائے یا گاڑی غلط طریقے سے پارک کی ہوئی ہو یا معذوروں کی پارکنگ میں گاڑی کھڑی کردی گئی ہو اور موقع پر گاڑی کا مالک نہ ہو تو ایسی حالت میں مختلف زاویوں سے گاڑی کی 3تصاویر لیکر چالان کردیا جائے۔ محکمہ ٹریفک نے یہ انتباہ بھی دیا ہے کہ جو اہلکار اس کی خلاف ورزی کریگا اس کی گرفت ہوگی۔ ٹریفک اہلکار موبائل کے ذریعے گاڑی کی تصاویر اسے روکے بغیر لے سکتا ہے۔ یہ اطلاعات نیشنل انفارمیشن سینٹر بھیجے گا۔ جہاں سے گاڑی کے مالک کو چند منٹ کے اندر خلاف ورزی پر ایس ایم ایس موصول ہوجائیگا۔

شیئر: