Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تیسرا ٹیسٹ:جنوبی افریقہ کے 262رنزکے جواب میں پاکستان کے17/2 رنز

 
 
جوہانسبرگ:ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 262 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔ پاکستانی اوپنرز نے ایک بار پھر اننگز کا مایوس کن آغاز کیا ۔جوہانسبرگ کے وانڈررز کرکٹ گراونڈ میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز کا آغاز امام الحق اور شان مسعود نے کیا جو کہ مایوس کن رہا۔ شان مسعود 2 رنز بناکر فلینڈر کی گیند پر آوٹ ہو گئے اگلی ہی گیند پر ہی اظہر علی بھی آوٹ ہوگئے۔ پاکستان کے 2 وکٹوں پر 17 رنز ہیں اورامام الحق کے ساتھ محمد عباس نائٹ واچ مین کے طور پر وکٹ پر موجود ہیں۔ جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اننگز کا آغاز کپتان ڈین ایلگر اور ایڈن مارکرم نے کیا۔ اوپنر ڈین ایلگر زیادہ دیر وکٹ پر کھڑے نہ رہ سکے اور صرف 5 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔ایڈن مارکرم نے اسکور آگے بڑھایا اور نصف سنچری مکمل کی، کھانے کے وقفے تک میزبان ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 108 رنز بنائے، دوسرے سیشن میں تازہ دم بولرز نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مارکرم اور ہاشم آملہ کو پویلین بھیج دیا، مارکر نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر 90 رنز پر ہوگئے جبکہ ہاشم آملہ 41 رنز بنا سکے۔جنوبی افریقہ کی چوتھی وکٹ 229 رنز پر اس وقت گری جب بروین 49 رنز بنا کر محمد عباس کا شکار بنے، محض 15 رنز کے اضافے کے ساتھ 244 پر باووما 8 اور زوبایر حمزہ 41 رنز پر کیچ آوٹ ہوئے، محمد عامر نے دونوں کو آوٹ کیا۔ جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کا خاتمہ 262 رنز پر ہوا، قومی ٹیم کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، حسن علی، محمد عباس اور محمد عامر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔قومی ٹیم میں جنوبی افریقہ کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کیلئے 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔یاسر شاہ، فخر زمان اور شاہین آفریدی کی جگہ فہیم اشرف، شاداب خان اور حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل کھیلے گئے دونوں ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کو ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا، 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ کو 0-2کی برتری حاصل ہے تاہم کلین سویپ سے بچنے کیلئے قومی ٹیم کو آخری ٹیسٹ میچ جیتنا ضروری ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تبصرے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ میں"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں
 

شیئر: