Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بارسلونا کواپ سیٹ شکست،فائنل تک نہ پہنچنے کا خطرہ

بارسلونا:ہسپانوی کلب بارسلونا کو ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کوپا ڈیلرے کے میچ میں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا اور غیر معروف کلب لیوانٹے نے چیمپیئن ٹیم کو1-2سے ہرا کر فائنل راونڈ تک اس کی رسائی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ میچ کے آخری منٹوں تک بارسلونا کو0-2سے خسارے کا سامنا تھا لیکن آخری لمحات میں ملنے والی پنالٹی کک پر فلپے کوٹنہو نے گول کرکے ٹیم کو ٹورنامنٹ سے باہر ہونے سے بچالیا ۔یہ ہفتہ معروف فٹبال کلبز پر بھاری گزرا ہے اور اکثر کو ایسی ہی ناکامیوں سے دوچار ہونا پڑا۔میچ کے چوتھے ہی منٹ میں لیوانٹے کے کھلاڑی ایرک کاباکو نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی جسے18ویں منٹ میں مایورال نے دگنا کردیا۔ بارسلونا کے کھلاڑی سخت کوششوں کے باوجود لیوانٹے کی دفاعی لائن کو ٹوڑنے میں ناکام رہے اور پہلا ہاف0-2کے ساتھ ختم ہوا۔ دوسرے ہاف میں لیوانٹے کی ٹیم مکمل طور پر دفاعی پوزیشن میں آگئی اور اس نے صرف بارسلونا کو روکے رکھنے پر توجہ مرکوز کر دی ۔ یوں محسوس ہو رہا تھا کہ دنیا کا معروف کلب اسی اسکور کے ساتھ ناکامی سے دوچار ہو جائے گا لیکن میچ کے آخری لمحات میں لیوانٹے کے دفاعی کھلاڑی کی فاش غلطی سے بارسلونا کو پنالٹی کک مل گئی جس پر برازیلی اسٹار فلپے کوٹنہو نے گول کرکے خسارہ کم کیا اور بارسلونا کی اگلے راونڈ تک رسائی کی امید برقرا رکھی۔ بارسلونا کے کوچ نے لیونل میسی اور لوئس سواریز کو اس میچ کیلئے ٹیم میں شامل نہیں کیا جس کا خمیازہ بھی بھگتناپڑا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تبصرے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ میں"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: