Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں ذو الفقار علی بھٹو کی یاد میں تقریب

*** ذکاء اللہ محسن ۔ریاض***
پاکستان پیپلز پارٹی ریاض کے زیراہتمام ذوالفقار علی بھٹو کی یوم ِپیدائش کی مناسبت سے پی پی پی ریاض کے قائم مقام صدر احسن عباسی کی رہائش پر ایک خصوصی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت احسن عباسی نے کی۔ نظامت کے فرائض پی پی پی ریاض کے جنرل سیکریٹری وسیم ساجد نے سرانجام دیئے۔ احسن عباسی نے ذوالفقار علی بھٹو کو پاکستان کی جمہوری تاریخ کا سب سے بڑا رہنما قرار دیا۔ آپ نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو شعور اور اپنے حقوق کی جنگ لڑنے کا حوصلہ دیا۔ یونس ابو غالب نے 73 کے آئین کو بھٹو کا سب سے بڑا کارنامہ قرار دیتے ہوئے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ آج ہمیں دیکھنا ہوگا کہ کونسی قوتیں آئین کی دشمن ہیں۔ سردار رزاق نے کہا کہ بھٹو عالم اسلام کا رہنما تھا۔ انہیں بھٹو کو عالم اسلام کے رہنماؤں کو ایک جھنڈے تلے اکٹھا کرنے کی سزا دی گئی۔ عثمان اشرف نے غیر جمہوری قوتوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ جمہوریت اور آئین کو مضبوط کیا جائے۔ اجلاس سے صداقت حسین، غلام نبی، کریم اللہ اور محمد جان نے بھی خطاب کرتے ہوئے ذوالفقار علی بھٹو کو خراج تحسین پیش کیا۔اجلاس کے اختتام پر ذوالفقار علی بھٹو کی یوم ِپیدائش کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔
 

شیئر: