Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کلین سویپ کے باوجود شان مسعود اور بابر اعظم ٹاپ تھری بیٹسمینوں میں شامل

شکست کی بنیادی وجہ بیٹنگ مسائل نہیں ، آخری ٹیسٹ میں شاداب اور حسن علی کی اننگز سرفراز احمد ، اسد شفیق اور اظہر علی کو یاد رہے گی
جنوبی افریقہ میں کھیلی جانیوالی ٹیسٹ سیریز ایشیائی ٹیموں کے بیٹنگ اعدادو شمار عام طور پر زیادہ اچھے نہیں ہوتے لیکن پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کی کلین سویپ شکست کے باوجود دلچسپ بات یہ رہی کہ سیریز کے ٹاپ تھری بیٹسمینوں میں شان مسعود دوسرے جبکہ بابر اعظم تیسرے نمبر پر ہیں۔ اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ شکست کی بنیادی وجہ صرف بیٹنگ کے مسائل نہیں ہیں۔جس کا مظاہرہ شاداب خان نے آخری ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں کیا ۔ شاداب خان نے کسی مانے ہوئے فرسٹ کلاس کرکٹر کی طرح کریز پر کھڑے رہ کر چھوٹی چھوٹی شراکتیں جوڑنا شروع کی تھیں۔ حسن علی نے بھی ربادا کو پریشان کیا تھا لیکن جس قدرشاندار اور خوبصورت اننگز شاداب خان نے کھیلی، وہ پاکستان بیٹنگ کے شہرہ آفاق بلے باز اظہر علی، سرفراز احمد اور اسد شفیق کیلئے قابل تقلید رہے گی ، ان بلے بازوں کوا س اننگز کی ویڈیو بار بار دیکھ کر یہ سمجھنا چاہیے کہ شدید دباو میں بنیادی تکنیک کو کیسے یاد رکھا جانا چاہئے۔ٹیسٹ سیریز تو ختم ہو ہی چکی، سوال صرف یہ ہے کہ اب جبکہ اگلے7 ماہ تک پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی کوئی مصروفیت نہیں ہے، تب تک یہ شرمناک شکست اور اس سیریز سے سیکھے گئے سبق کس کو یاد رہیں گے؟ یہ طے کرنا بھی نہایت ضروری ہے کہ اگلی بار پاکستانی ٹیم جب ٹیسٹ سیریز کیلئے میدان میں اترے تو کیا اظہر علی، اسد شفیق اور سرفرازاحمد ہی اس کے بنیادی بیٹسمین ہوں گے یا ویسٹ انڈیز کی طرز پر کسی نئے خون کو کپتانی دے کر ایک بار پھر نئی ٹیم بنانے کا تجربہ کیا جا رہا ہو گا۔ آخری ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں شاداب خان کی خوبصورت اننگز میں ایک لمحہ وہ بھی آیا جب اس نے ایک ہی اوور میں ڈیل اسٹین کو2چوکے لگائے تو پاکستانی ڈریسنگ روم میں کافی تالیاں گونجیں، تالیاں بجانے والوں میں اظہر علی، اسد شفیق اور سرفراز احمد بھی شامل تھے ۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس" جوائن کریں
 

شیئر: