Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان خوبصورت ملک ہے ،صدریو این جنرل اسمبلی

اسلام آباد ...اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنینڈا اسپینوزا نے کہاہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا مثالی کردارہے۔20 لاکھ افغان پناہ گزین اب بھی پاکستان میں رہائش پذیر ہیں۔پاکستان نے اقوام متحدہ کے امن مشنوں میں انتہائی اہم کردارادا کیا۔ امید ہے پاکستان امن کی کارروائیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ سر کاری ریڈیو کو انٹرویومیں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدرنے کہاکہ یہ دیکھ کر حوصلہ ملا ہے کہ عمران خان کی حکومت پاکستان کے عوام کا مستقبل سنوارنے کیلئے کمربستہ ہے ۔ نیا مستقبل غربت اور بدعنوانی کے خاتمے اور سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ پرمبنی ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک درست سمت کی طرف گامزن ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ایسا خوبصورت ملک ہے جہاں دنیا کیلئے دیکھنے کے دلکش مناظر موجود ہیں ۔پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے انہوںنے کہاکہ اعلی عہدوں پر کام کرنے والی متعدد خواتین میں انتہائی بہتری آئی ہے اور وہ رائے عامہ میں مضبوط آواز رکھتی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کا علاقائی امن اورسلامتی میں کردارقابل تعریف ہے ۔ پاکستان افغان امن عمل میں انتہائی موثر کردارادا کررہا ہے جو پاکستان کیلئے بھی مفید ہے ۔ انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے غریب خواتین کو نقد امداد کی فراہمی کو بھی سراہا ۔انہوں نے تنازعات کے حل پر زوردیتے ہوئے کہاکہ یہ متاثرہ عوام کی زندگیوں میں آسانی لانے کیلئے بہت ضروری ہے ۔ 

شیئر: