Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حوثیوں کے جرائم کا دنداں شکن جواب

سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”عکاظ “ کا اداریہ نذر قارئین ہے
عرب اتحاد کی افواج اور یمن کی سرکاری افواج نے امن و امان کا راستہ اپنانے کیلئے حوثیوں کو جتنے موقع مہیا کئے جاسکتے تھے کئے۔ تاہم حوثی اپنے وطن عزیز یمن کے مفاد کے بجائے ایرانی ملاﺅں کے نظام سے وفاداری کے چکر میں ہر موقع گنواتے رہے۔آج بھی انکا موقف یہی ہے۔ 
اس کا ثبوت یہ ہے کہ جب جب حوثیوں نے اقوام متحدہ کے زیر نگرانی یا بین الاقوامی سائبان تلے کوئی معاہدہ کیا انہوں نے اس سے اپنا دامن جھاڑ لیا۔ حوثی عرب دنیا میں انارکی جاری رکھنے سے متعلق ایرانی ایجنڈے پر عملدرآمد ہی کرتے رہے ہیں اور کررہے ہیں۔ایران عرب دنیا میں انارکی پھیلانے سے متعلق اپنے عزائم کا برملا اظہار بھی کرتا رہا ہے۔ شام اور لبنان میں ایران نے جو کچھ کیا اورکررہا ہے وہ اسکا زمینی ثبوت ہے۔ ایک سے زیادہ عرب ممالک میں سماجی استحکام کو تہہ و بالا اور تفرقہ و انتشار کے حالات پیدا کرنے کے واقعات بھی اس کا ٹھوس ثبوت ہیں۔
عرب اتحاد کی فورس اور یمنی فوج نے حوثی باغیوں کے خلاف دنداں شکن کارروائی کرکے حوثیو ں کے ڈرون حملوں کا سدباب کردیا۔ حوثیوں نے ایران کی مدد سے العند فوجی اڈے پر ڈرون حملہ کرکے بدترین کارروائی کی ۔ عرب اتحاد اور یمنی افواج نے حوثیوں کے ڈرون نیٹ ورک کا کام تمام کرکے یہ پیغام دیدیا ہے کہ ہم امن و امان کے علمبردار تھے ،ہیں اور رہیں گے۔تاہم جو طاقت بھی یمن یا سعودی عرب کے امن و امان سے کھیلنے کی کوشش کریگی اسے ایسا ہی عبرتناک سبق سکھایا جائیگا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
 
 

شیئر: