Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان دوسرے ون ڈ ے میں آج پھر جنوبی افریقہ کے مقابل ہوگا

ڈربن:پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کی ٹیمیں آج ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں پھر مدمقابل ہوں گی۔ پاکستانی ٹیم کو 5 میچوں کی سیریز میں0-1کی برتری حاصل ہے اور پورٹ الزبتھ میں ہدف کا کامیاب تعاقب کرکے پہلا ون ڈے جیتنے والی پاکستانی ٹیم فتح کا اعتماد لئے میدان میں اترے گی۔ دوسری جانب میزبان ٹیم پہلے میچ میں شکست کا بدلہ چکانے کے ساتھ سیریز میں واپسی کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔ پروٹیز کو رن ریٹ بہتر بنانے جبکہ پاکستان کو بولنگ میں خامیوں پر قابو پانے کی فکر ہوگی، پاکستان غیر متاثر کن کارکردگی پیش کرنے والے عثمان شنواری کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کرسکتا ہے۔پہلے ون ڈے میں کپتان سرفراز نے 7بولرز سے مدد لی لیکن جنوبی افریقہ کے صرف 2 بیٹسمین آوٹ کئے جا سکے تھے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم بھی بیٹنگ کے علاوہ بولنگ میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکی صرف2وکٹیں گرنے کے باوجود اس نے پاکستان کو زیادہ بڑا ہدف نہیں دیا اور300رنز کا سنگ میل بھی عبور نہیں کیا جاسکا تھا ۔ بولنگ کے دوران میزبان ٹیم کے بولرز پاکستانی بیٹنگ لائن کو ہدف تک رسائی سے روکنے میں ناکام رہے تھے۔ ڈربن کے کنگز میڈ اسٹیڈیم میں اس سے قبل کھیلے گئے تمام میچز میں پاکستان کا پلڑا بھاری رہا ہے۔ پاکستانی ٹیم نے 6 میچز میں سے 4 میں فتح سمیٹی، 2 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ فروری 2007ء اور مارچ 2013 ء میں کھیلے جانے والے گزشتہ دونوں میچز میں پاکستان نے میزبان ٹیم پر برتری ثابت کی۔ اس میدان پر پاکستانی ٹیم کا سب سے زیادہ اسکور 4 وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز رہا جو 2007ءمیں بنایا گیا تھا۔ ان میں محمد یوسف کی ناقابل شکست سنچری، یونس خان کے 93 اور شاہد آفریدی کے 77 رنز شامل تھے، عمران نذیر نے 57 کی اننگز کھیلی، دسمبر 2002 ء میں پاکستانی ٹیم یہاں اپنے سب سے کم اسکور 140 رنزتک محدود رہی،شان پولاک اور نکی بوئے نے 3،3 پاکستانی بیٹسمینوں کو آوٹ کیا تھا۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: