Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان میں ٹرینیں خسارے کا شکار ہیں ،شیخ رشید

اسلام آباد... وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ بلوچستان سمیت مختلف علاقوں میں مسافر اور فریٹ ٹر ینیں چلانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں تاہم سیکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ سینیٹ میں توجہ دلاو نوٹس پر بات کرتے ہوئے سینیٹر عثمان خان کاکڑ نے کہا کہ سبی، ہرنا ئی سے بلوچستان تک ریلوے لائن انگریزوں کے دور میں بنائی گئی تھی۔ ریلوے لائن بم دھماکوں کے ذریعے ختم کر دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ہرنا ئی کے عوام سبی جانے کیلئے 3سو کلو میٹر کا فاصلہ طے کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہرنا ئی میں کوئلے کے سب سے بڑے ذخائر موجود ہیں تاہم ٹرین سروس نہ ہونےسے عوام کو مسائل کا سامنا ہے ۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ جنوری2006ءمیں علاقے میں 10برجز کو اڑا دیا گیا ۔ اب انہیں دوبارہ مکمل کیا جارہا ہے ۔وزیراعلیٰ بلوچستان سے بھی درخواست ہے کہ مارچ تک اس ٹرین کو سیکیورٹی فراہم کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں پاکستان ریلوے کے سب سے کم کرا ئے ہیں تاہم اس وقت بھی بلوچستان میں چلنے والی ٹرینیں خسارے کا شکار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی ملنے کی صورت میں 20فریٹ ٹر ینیں چلائیں گے ۔2فریٹ ٹر ینیں پرائیویٹ شعبے کو دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں3470ملین خطیر رقم خرچ کی گئی ہے تاہم سیکیورٹی کے بغیر یہ تمام اقدامات ضائع ہو جائیں گے ۔
 

شیئر: