Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رونالڈو کو23ماہ کی معطل سزا اور 16.9ملین پونڈ جرمانہ

 
میڈرڈ:اسپین کی ایک عدالت نے ٹیکس فراڈ کے جرم میں پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو 23ماہ کی معطل قید اور16.9ملین پونڈ جرمانے کی سزا سنادی۔ رونالڈو سزا سنائے جانے کے موقع پر اپنے وکلا کے ساتھ عدالت میں موجود تھے اور سماعت کیلئے اٹلی سے میڈرڈ پہنچے تھے۔ رونالڈو گزشتہ سیزن میں رئیل میڈرڈ فٹبال کلب چھوڑ کر اطالوی کلب جوونٹس منتقل ہو گئے تھے اور اس ٹیکس فراڈ کامعاملہ ان کی اسپین میں رئیل میڈرڈ کے ساتھ وابستگی کے دوران سامنے آیا تھا۔ رونالڈو نے جرمانہ اور سزا قبول کرلی لیکن پہلی مرتبہ اس جرم کا مرتکب ہونے کی وجہ سے عدالت نے ان کی سزائے قید معطل کردی اس طرح عالمی شہرت یافتہ فٹبالر جیل جانے سے بچ گئے۔ رونالڈو کیس کی سماعت کےلئے عدالت پہنچے تو ان کے وکلا نے استدعا کی کہ انہیں میڈیا سے بچنے کےلئے گاڑی سمیت عدالت کی عمارت میں داخلے کی اجازت دی جائی تاہم عدالت نے یہ درخواست قبول نہیں کی ۔ رونالڈو پر ٹیکس چوری اور فراڈ کے الزامات 2017ءمیں لگائے گئے تھے جس کے بعد یہ کیس چلتا رہا اور اب وکلائے استغاثہ کے معاہدے کے بعد رونالڈو نے جرمانہ اور سزا قبول کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی جس کے بعد گزشتہ روز یہ کیس منطقی انجام کو پہنچ گیا ۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: