Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرفراز احمد کے گراونڈ میں کہے گئے جملے نے نیا تنازع کھڑا کردیا

ندیم ذکاءآغا۔ جدہ
ڈربن:جنوبی افریقہ کے خلاف5ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ ہاتھ سے نکلتے ہوئے دیکھ کرپاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے مخالف کھلاڑی پر فی البدیہ ایک ایسا جملہ کس دیا جسے نسل پرستانہ لبادہ اوڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔میچ میں جملے بازی اور ہوٹنگ بے شک ممنوع ہے لیکن اس کے باوجود شاید ہی کوئی میچ ایسا ہو جس میں مخالف ٹیم کے کھلاڑی ایک دوسرے پر جملے نہ اچھالتے ہوں۔ سرفراز احمد کو میچ کے دوران یہ جملہ کسنے پر آئی سی سی کی جانب سے پابندی کا سامنا ہو سکتا ہے۔جنوبی افریقہ کی ٹیم204کے ہدف کیلئے 29رنز پر 3اور پھر 80رنز پر 5وکٹیں گنوا چکی تھی تو اس وقت ریسی وینڈرڈسن کے ساتھ 22سالہ آل راونڈر اینڈائل فیلکوایو نے مل کرکریز پر قبضہ جما لیا۔دونوں جنوبی افریقی کھلاڑی کسی طور بھی پاکستان کے کسی بولر کو خاطر میں نہیں لا رہے تھے تواینڈائل فیلکوایو کی عمدہ بیٹنگ نے بولر کے ساتھ ساتھ کپتان سرفراز احمد کو بھی خوب پریشان کیا۔سرفراز احمد جو میچ کے شروع میں بھی مایوسی کا شکار نظر آرہے تھے ایک موقع پر اپنے تاثرات کااظہار کچھ یوں کر دیا"ابے او کالے تیری امی کہاں بیٹھی ہوئی ہیں ،کیا پڑھوا کر آیا ہے آج تو“۔یعنی تو آوٹ ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا۔ بیٹسمین کو تو یہ جملہ سمجھ نہیں آیا مگر درمیانی وکٹ میں لگے مائیکرو فون سے شائقین نے سنا اور یہ جملہ سوشل میڈیا پر تبصروں کی زد میں آگیا۔اس میچ میں فیلکوا یو نے ہی 41رنز پر سرفراز احمد کو کلین بولڈ کیا۔ محمد حفیظ اور شعیب ملک کو بھی آوٹ کیا اور حسن علی کی 59رنز کی خوبصورت اننگز کا بھی خاتمہ فیلکو ایو نے ہی کیا تھا اور صرف22رنز دیکر 4وکٹیں حاصل کیں۔ امام الحق اور بابر اعظم کا کیچ بھی فیلکوایو نے ہی پکڑا، بیٹنگ میں فیلکوایونے ساتویں نمبر پر آکر 7چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 69رنز ناٹ آوٹ کی خوبصورت اننگز کھیل کر مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔ ادھر کمنٹری باکس میں بیٹھے رمیز راجہ سے ساتھی کمنٹیٹر نے پوچھنے کی کوشش کی کہ سرفراز نے یہ کیا جملہ کہا ہے لیکن ٹیم کی حالت کو دیکھتے ہوئے موقع کی نزاکت کو سامنے رکھتے ہوئے رمیز راجہ اسے گول کر گئے اور کوئی واضح جواب نہیں دیا اور یہ کہہ دیا کہ سرفراز کہہ رہے ہیں کہ کھلاڑی کافی خوش قسمت ہے۔واضح رہے کہ کھلاڑی اس طرح کے جملے دوستی کے انداز میں بھی ایک دوسرے پر اچھال دیتے ہیں کسی کی تضحیک کرنا خصوصا نسل پرستانہ تو مقصد بالکل بھی نہیں ہو سکتا تاہم سوشل میڈیا پر جنوبی افریقہ کے سیاہ فام کھلاڑی کے حوالے سے سرفراز احمد کے اس جملے کو تضحیک آمیز سمجھا جا رہا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے سرفراز احمد کے خلاف ایکشن لئے جانے کا امکان ہے۔آئی سی سی اس حوالے سے سخت موقف رکھتا ہے۔ سرفراز نسل پرستی کے مرتکب قرار پائے تو انہیں سزا ہوسکتی ہے۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں آواز سنائی دے رہے ہی جس میں ان کا یہ جملہ واضح سنا جا سکتا ہے۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: