Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ درست طریقے سے استعمال کریں

سان فرانسسکو ۔۔۔ سائنسدانوں کے مطابق کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ پر ایک خاص انداز سے نظر جمائے رکھنے کا عمل گردن، کندھوں اور مہروں میں درد اور سوجن پیدا کرنے کا موجب بن رہا ہے اور بظاہر یہ بے ضرر انداز غنودگی،پٹھوں میں تناﺅ،سردرد،مہروں میں بگاڑ اور توجہ میں کمی کی بھی وجہ بن رہا ہے۔سان فرانسسکو اسٹیٹ یونیورسٹی کے شعبہ صحت کے پروفیسر ایریک پیپیر اور ان کے ساتھیوں کے مطابق جب ایک انسان سیدھا کھڑا ہوکر اپنی گردن کو ستواں رکھتا ہے تو اس کا جسم اس کے سر اور گردن کا وزن سہار لیتا ہے جو 12 پونڈ تک ہو سکتا ہے لیکن جب آپ کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ پر ہوتے ہیں تو اسکرین کے قریب جانے کےلئے آپ اپنے سر کو 45 ڈگری کے زاویئے پر لے آتے ہیں اس طرح آپ کے سر اور گردن کا بوجھ بڑھ کر 45 پونڈ تک آ جاتا ہے اور لوگ گردن،کاندھوں ،حرام مغز اور درد سر کی شکایت کرنے لگتے ہیں یہاں تک کہ گردن گھمانا مشکل ہو جاتا ہے اور کمر درد کا عارضہ بھی لاحق ہو جاتا ہے۔تحقیق کے دوران 87 افراد کو کہا گیا کہ وہ سر کو گردن کی سیدھ میں رکھ کر گردن کو انتہائی دائیں اور بائیں جانب گھمائیں اور 92 فیصد رضاکاروں نے ایسا آسانی سے کر لیا لیکن جب ان کو یہ کہا گیا کہ وہ چہرے کو گردن کی سیدھ سے آگے کی جانب بڑھائیں اور اسی انداز میں گردن کو دائیں اور بائیں گھمائیں،صرف 30 سکینڈ بعد ہی 98 فیصد افراد نے گردن یا سر میں درد ،آنکھوں میں درد یا تناﺅ کی شکایت کی۔ماہرین کے مطابق جب بھی کمپیوٹر کے آگے بیٹھےں اور کہیں درد محسوس ہو تو فوری طور اپنے بیٹھنے ، سر اور گردن کی پوزیشن جائزہ لیں۔
 

شیئر: