Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں کرکٹ کا درخشاں باب کھل گیا،ندیم ندوی

پہلی موبایلی ایس سی سی ٹی ٹوئنٹی نیشنل چیمپیئن شپ کی ٹیموں کے اعزازمیں عشائیہ سے خطاب
سید مسرت خلیل ۔ جدہ
نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو مزید محنت اور لگن سے کھیلنا ہوگا کیونکہ سعودی عرب کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کا درجہ حاصل ہوگیا ہے اورحال ہی میں عمان میں اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ویسٹرن ریجن 19۔2018میں شاندار کامیابی سے سعودی کرکٹ کا ایک ایسا درخشاں باب کھلا ہے جس کا ہمیں برسوں کی محنت سے انتظارتھا۔ یہ بات سعودی کرکٹ کے سی ای او ندیم ندوی نے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی جو پہلی موبایلی ایس سی سی ٹی ٹوئنٹی نیشنل چیمپیئن شپ کے"سپر سکس" مرحلہ میں داخل ہونے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشل کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں دیا گیاتھا۔ایس سی سی میڈیا کوآرڈینیٹر سید مسرت خلیل کی رپورٹ کے مطابق ندیم ندوی نے مزید کہا کہ چاہے عمان میں سعودی ٹیم کی کامیابی ہو یا موبایلی چیمپیئنزٹرافی کی، دونوں میں جو چیز قابل تحسین ہے وہ اس میں سعودی عرب کی تمام کرکٹ ایسوسی ایشن کا بھرپور کردار ہے۔ انھوں نے وضاحت کی کہ سعودی کرکٹ سینٹر آئی سی سی سے منسلک سعودی عرب کی واحد نمائندہ تنظیم ہے جس کی ممبرشپ 2003ءمیں منظور کی گئی تھی۔ یہ ادارہ اپنے قیام سے اب تک اپنے محدود وسائل میں کرکٹ کے فروغ کے لئے ہر ممکن سہولت فراہم کررہا ہے۔اس میں کچھ کمی اور خامیاں رہ جاتی ہیں یا آپ لوگوں کے میعار یا توقع کے مطابق نہیں ہوپاتی ہیں۔ اس کے لئے ہم معذرت خواہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سعودی کرکٹ جن مراحل سے گزر کریہاں تک پہنچی ہے اس میں کوئی شک نہیں کہ آپ لوگوں نے تعاون اور حصہ لیا ہے۔ ندیم ندوی نے موبایلی نیشنل چیمپیئز ٹرافی کی اہمیت اور اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی اور موبایلی کی اسپانسر شپ اور اس کے حصول کے سلسلے میں جانفشانی پر طاہر کرامت کا شکریہ ادا کیا۔ انھوںنے سعودی کرکٹ کے پیٹرن انچیف ، اپنی اور ایس سی سی کے عہدیداروں کی طرف سے تقریب میں موجود تمام ریجنل ایسوسی ایشن ، کھلاڑیوں، مہمانوں اور صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ سب کا بے حد ممنون و مشکور ہوں کہ آج سعودی کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں کرکٹ شائقین ایک چھت تلے جمع ہیں۔ انھوں نے سعودی نیشنل امپائر اسامہ سعد کا تعارف بھی کرایا جنہیںانٹرنیشنل میچوں میں پہلے سعودی امپائر ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔ تقریب سے مہمان خصوصی ایس سی سی کے سینئر ایڈوائزر مارٹن کوپس نے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے سعودی ٹیم کو کامیابی اور موبایلی چیمپیئن ٹرافی میں شرکت پر ایسوسی ایشنزکا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں ریاض کرکٹ لیگ (آرسی ایل ) کی طرف سے حنیف بابر نے ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں ندیم بابر، فرحت محمود، اشتیاق، حاجی اکرم ، چوہدری ریاض، سی ای او ندیم ندوی اور دیگر کو یاد گاری شیلڈ پیش کی۔قبل ازیں تقریب کا آغاز یاسین ملک کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ سید قاسم علی نقوی اور عرفان صدیقی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ 
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو  نیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: