Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرفراز احمد ورلڈ کپ تک قومی ٹیم کے کپتان مقرر

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ 2019ء تک سرفراز احمد کو قومی ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا۔بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ سلیکشن کے معاملات میں تسلسل کی پالیسی پر کاربند ہیں۔ غیر یقینی صورتحال ختم کرنے کیلئے باہمی مشاورت سے سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔لاہور میں پی سی بی کے ہیڈ کوارٹر میں سرفراز احمد کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین احسان مانی نے کہا کہ وکٹ کیپر/ بیٹسمین کی قیادت میں گرین شرٹس نے چیمپیئنز ٹرافی میں فتح سمیت اہم کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ ٹیم میں اتحاد اور اتفاق کا ماحول ہے۔ انہوں نے انڈر 19 سے لیکر اب تک بہترین قیادت کی ہے۔ ٹیم رینکنگ میں نویں نمبر پر تھی اس کو اٹھایا، ہر سیریز کے بعد باتیں شروع ہوجانا اچھی بات نہیں۔احسان مانی کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ کے بعد دوبارہ معاملات کا جائزہ لیں گے، امید کرتے ہیں کہ گرین شرٹس آئندہ میچز کے بعد ورلڈ کپ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔جنوبی افریقہ کے خلاف ڈربن میں کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں سرفراز احمد کے منہ سے اینڈل فیلکوایو کے بارے میں نکلنے والا جملہ نسلی تعصب کے گرداب میں پھنس گیا اور اس کی زد میں آئے سرفراز نے اپنے رویے کی معافی مانگی جو قبول کر لی گئی۔ اس کے باوجود آئی سی سی نے انہیں 4 میچز کیلئے معطل کردیا، جس کے باعث پی سی بی نے انہیں واپس بلوانے کا فیصلہ کیا اورٹیم کی قیادت وقتی طور پر شعیب ملک کے سپرد کردی۔ شعیب کی قیادت میں پہلا میچ جیتنے پر چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں کہ سرفراز احمد اب بطور کپتان واپس نہیں آئیں گے لیکن جلد ہی پی سی بی نے اس بات کا فیصلہ کر لیاجو قوم اور ٹیم کیلئے خوش آئند ہے۔ 
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو  نیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: