Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرفراز احمد کی بحالی سے قیاس آرائیوں نے دم توڑ دیا

لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے سرفراز احمد کی معطلی کے معاملے اور قیادت کے بارے میں قیاس آرائیوں نے دم توڑ دیا ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کی جانب سے سرفراز احمد کو ورلڈ کپ ٹیم کے کپتان کے طور پر بحال رکھنے کے فیصلے نے منقسم رائے عامہ کو یکجا کر دیا۔ ایک جانب سابق فاسٹ بولر شعیب اختر سوشل میڈیا کا سہارا لے کر سرفراز احمد پر کڑی تنقید کرتے ہوئے نظر آئے تو دوسری جانب سابق کپتان وسیم اکرم نے یہ بات واضح کر دی تھی کہ کرکٹ ورلڈ کپ کے قریب ہونے کی وجہ سے قیادت کی تبدیلی تباہ کن ثابت ہوگی۔شعیب اختر کے حوالے سے سرفراز نے یہ بھی کہا کہ وہ تنقید کے بجائے ذاتی حملے کر رہے ہیں۔قائم مقام کپتان شعیب ملک کی قیادت میں ون ڈے میچ میں کامیابی نے بھی سرفراز کے مخالفین کے حوصلے بڑھا دیئے تھے لیکن ٹی ٹوئنٹی سیریز میں مسلسل ناکامیوں نے مخالفین کو قدرے خاموشی پر مجبور کر دیا تھا۔ سرفراز احمد 2016 ءکے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد شاہد آفریدی کی جگہ ٹی ٹوئنٹی کے کپتان بنائے گئے تھے۔ مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد وہ ٹیسٹ کپتان بنے تھے جبکہ اظہرعلی کی جگہ انہیں ون ڈے ٹیم کی قیادت سونپی گئی تھی۔ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے2017 ءمیں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی جیتی تھی۔ وہ اب تک 35 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں کپتانی کرچکے ہیں جن میں سے پاکستان نے 21 جیتے ہیں۔پاکستانی کرکٹ ٹیم ان کی کپتانی میں لگاتار 11 ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت کر ریکارڈ بھی بناچکی ہے اور پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت آئی سی سی کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہے۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو  نیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: